پولیس منشیات فروشوں، چوروں، کار لفٹروں، جیب کتروںکے خلاف خصوصی مہم کے ذریعے کارروائیاں کررہی ہے، ایس ایس پی یاسین بیک

اتوار 28 نومبر 2021 15:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) ایس ایس پی یاسین بیگ نے کہا ہے کہ پولیس منشیات فروشوں، چوروں، کار لفٹروں، جیب کتروں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف خصوصی مہم کے ذریعے کارروائیاں کررہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کارروائیاں کی ہیں،گشت کے نظام کو فعال بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں،تھانوں میں تمام ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے تفتیش جاری ہے،ان میں بعض اندھے قتل بھی تھے جو پولیس نے ٹریس کئے ہیں۔

پولیس کو سرچ آپریشن کا حکم دے رکھا ہے جس پر کارروائیاں ہورہی ہیں خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کررکھی ہیں۔ضلع مظفرآباد کے ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ زیر تفتیش مقدمات کو جلد مکمل کرتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں دائر کریں۔

(جاری ہے)

یاسین بیگ نے کہا ہے کہ پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ کی ضامن ہے،ضلع بھر میں چوروں،ڈکیتوں،منشیات فروشوں،جواریوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کردیا ہے۔مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کے لیے خفیہ ٹیمیں تشکیل دے رکھی جو دارالحکومت اور آزادکشمیر سے فرار ہونے والوں کا تعاقب کررہی ہے اور کئی اشتہاریوں اور مفروروں کو راولپنڈی سمیت دیگر شہروں سے آزادکشمیر پولیس پکڑنے میں کامیاب رہی ہے۔