ضلع باغ میں وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر جنگلات کے سرسبز آزادکشمیر کی دھجیاں اڑنے لگیں

محکمہ جنگلات ضلع باغ کے اعلی سطحی عملے کی ملی بھگت سے کمپاٹ نمبر 24حلقہ چٹا پڑ ملوٹ میں چیڑ کے جنگل کی صفائی مہم ایک ماہ سے جاری فون کرنے کے باوجود ڈی ایف او نوٹس لینے سے گریزاں‘ وزیرجنگلات خود ملوٹ آ کر جنگل کی ہونے والی صفائی کا معائنہ کریں‘اہلیان علاقہ

اتوار 5 دسمبر 2021 14:10

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور وزیر جنگلات محمد اکمل سرگالہ کے سرسبز کشمیر کے خواب کو چکنا چور کرنے کیلئے محکمہ جنگلات ضلع باغ کا عملہ انتہائی متحرک‘ کمپاٹ نمبر 24حلقہ چٹا پڑملوٹ میں چیڑکے جنگل کی صفائی کی مہم دن رات شروع‘اہل علاقہ کے ڈی ایف او باغ اور رینج آفیسر کو فون کرنے کے باوجود کوئی نوٹس لینے کو تیار نہیں- تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر جنگلات کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے محکمہ جنگلات ضلع باغ کے اعلی سطحی عملے نے جبیں گرم کرنے کیلئے کمپاٹ نمبر 24حلقہ چٹا پڑ ملوٹ میں چیڑکے جنگل کا صفایا کرانا شروع کر دیا اور جنگل کی صفائی کی یہ مہم ایک ماہ سے جاری ہے -اہلیان علاقہ سردار فواد‘ سردار اسرار‘ سردار ظریف‘ مجید خان‘ حبیب اللہ‘ شاہ صاحب‘امتیاز خان‘ محمد ضیاء اور دیگر کا کہنا ہے کہ چیڑ کے جنگل کا صفایا رینج آفیسر اور ڈی ایف او کی ملی بھگت سے کیا جا رہا ہے کیونکہ ڈی ایف او صاحب کو بار ہا فون کر کے بتایا گیا کہ یہاں پر چیڑ کے جنگل کی کٹائی جاری ہے اس کے باوجود ڈی ایف او نے کوئی نوٹس نہیں لیا-ڈی ایف او سے فون پر ہونے والی بات چیت کی باقاعدہ ریکارڈنگ موجود ہی--اہل علاقہ نے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور سینئر وزیر سردار تنویر الیاس اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چیڑکے جنگل کی صفائی کا نوٹس لیں اور ڈی ایف او اور رینج آفیسر کے خلاف فوری طور پر کارروائی کر کے علاقے کے چیڑ کے واحد جنگل کو بچایا جائی-اہلیان علاقہ نے وزیر جنگلات سے اپیل کی ہے کہ وہ ملوٹ کی سرزمین پر تشریف لائیں اور یہاں آ کر خود اس جنگل کی صفائی مہم کا جائزہ لیں -