قائد ملت چوہدری غلام عباس کی 54 ویںبرسی کو شایان شان طریقے سے منائیں گے، کارکنان تیاریاں شروع کریں،سردار عتیق احمد خان

تحریک آزادی کشمیر نازک موڑ سے گزر رہی ہے، ایسے حالات میںمرحوم کی برسی کو پہلے سے بڑھ کر شان و شوکت اور عزت و احترام سے منانے کی ضرورت ہے،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر

منگل 7 دسمبر 2021 19:09

مظفرآباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ 18 دسمبر کو ریاست جموںوکشمیر کے عظیم قومی رہنماء قائد ملت چوہدری غلام عباس کی 54 ویںبرسی کو شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ کارکنان تیاریاں شروع کریں۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر نازک موڑ سے گزر رہی ہے۔

ایسے حالات میںمرحوم کی برسی کو پہلے سے بڑھ کر شان و شوکت اور عزت و احترام سے منانے کی ضرورت ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہار سموار کے روز یہاں مسلم کانفرنس کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں قائد ملت چوہدری غلام عباس کی برسی کو شاندار طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل مہرالنساء ، استقبالیہ کمیٹی کے سیکرٹری عاصم زاہد عباسی، انتظامیہ کمیٹی کے سیکرٹری سردار عظمان فدا،رابطہ کمیٹی کے سیکرٹری ڈاکٹر عابد عباسی، سوشل میڈیا کمیٹی کے سیکرٹری راجہ زرین خان، مسلم کانفرنس شعبہ خواتین ونگ کی چیئرپرسن محترمہ افشاں سعید ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری بشری سلیم چشتی ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین گلنار اقبال،چیئرمین پبلسٹی ونگ راجہ محمد لطیف حسرت، مسلم کانفرنس ضلع سدھنوتی کے صدر سردار عابد رزاق ،ضلع اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری سید ظفر علی شاہ، سٹی صدر راولاکوٹ خواجہ محمد جاوید، ملک محمد عارف ، فیصل رفیق، صاحبزادہ حفیط عباسی، سردار واجد حنیف ، جلیل احسن عباسی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں استقبالیہ ،انتظامی اور دیگر کمیٹیوں کی اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ رابطہ عوام مہم کو تیز کرنے ، دوسری سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے رابطہ کرنے اور میڈیا مہم کو متحرک کرنے کے اہم فیصلے کئے گئے۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت آزادکشمیر کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ، کشمیر لبریشن سیل اور محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کے باہمی رابطہ سے برسی کے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔

قائد محترم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائد ملت چوہدری غلام عباسؒ کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ اُنھوں نے کہا کہ قائد ملت نے انتہائی نامساعد حالات میں قوم کی درست سمت میں رہنمائی کی۔ آزادکشمیر کا یہ خطہ کسی نے تھالی میں رکھ کر پیش نہیں کیا اس کے لئے ہمارے آبائو اجداد نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انھوںنے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہندوستان اقوام عالم میں کیے گئے وعدوں پر عمل کے بجائے کشمیر کی حیثیت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔

انھوںنے جماعتی کارکنوں سے کہا کہ وہ ان کوششوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے قائد ملت کی برسی میں بھرپور شرکت کرکے کشمیرکے تشخص کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انھوںنے آزادکشمیر بھر کے ڈویژنل اور ضلعی صدورکو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی تنظیموں سے رابطہ کر کے انھیں برسی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیں۔ اس موقع پر سردار واجد حنیف کی خوشدامن، سید ظفر علی شاہ کے بھانجے کی وفات پر ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا بھی گئی۔