عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ڈینٹل کے شعبہ کو عوامی ضرورت کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے‘عوامی حلقے

جمعرات 9 دسمبر 2021 14:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) دارالحکومت مظفرآباد کے عوامی حلقوں نے وزیر صحت،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صحت عامہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ڈینٹل کے شعبہ کو عوامی ضرورت کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے۔ایمز میں ڈیٹنل سرجن ڈاکٹرملک ریاض احمد جیسے باصلاحیت ڈاکٹر موجود ہیں جو ایمز میں بہتر انداز میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔

ڈاکٹر ملک ریاض احمد کی خدمات سے استفادہ کے لیے ایمز میں ڈینٹل کے شعبہ کو جدید سہولیات سے مزین کیا جائے تاکہ شعبہ ڈینٹل سے عوام بھرپور طریقے سے مستفید ہوسکیں۔میڈیا سے گفتگو کے دوران دارالحکومت کی سیاسی وسماجی شخصیات تنویر الیاس،ملک بابر،مطلوب حسین،راجہ بشارت،جہانگر فاروق،افتخاراعوان،بابر اعوان ،ماجد نقوی اور دیگر نے کہا ہے کہ ایمز میں شعبہ ڈینٹل کو اپ گریڈ کر کے اسے جدید سہولیات سے مزین کیا جائے۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ سیکٹر سے عام آدمی کے لیے علاج کرانا ممکن نہیں،ایمز مظفرآباد کا واحد بڑا سرکاری طبی مرکز ہے جہاں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔عوام کو مزید بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایمز میں ڈینٹل شعبہ کو اپ گریڈ کر کے جدید سہولیات سے مزین کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر انداز میں ڈینٹل کی سہولیات میسر آسکیں۔