معصوم بچوں سے زیادتی کے مرتکب افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ،راجہ محمد فاروق حیدر

آزادکشمیر میں مسلم لیگ( ن) نے تاریخ ساز قانون سازی کے ذریعے ایسے قبیح فعل میں ملوث افراد کو مختصر مدت میں عبرت ناک سزا دینے کا قانون پاس کیا،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر

اتوار 19 دسمبر 2021 18:10

․ڈڈیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2021ء) سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ معصوم بچوں سے زیادتی کے مرتکب افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ، آزادکشمیر میں مسلم لیگ( ن) نے تاریخ ساز قانون سازی کے ذریعے ایسے قبیح فعل میں ملوث افراد کو مختصر مدت میں عبرت ناک سزا دینے کا قانون پاس کیا جس کے باعث 60 دنوں میں یہ سارا عمل مکمل ہوگا اور اس کی سزا موت رکھی گئی ہے ہماری حکومت نے یتیم بچوں، بیوہ عورتوں، طلاق یافتہ بے سہارا عورتوں کی کفالت کے لیے بھی قانون بنا یا۔

انہوں نے کہا کہ ڈوڈیال واقعے پر دل دکھی ہے بیرون ملک گیا تھا گھر واپسی سے پہلے اس لیے یہاں آیا کہ خود بھی بیٹیوں والا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کٹھار دلاور خان ڈوڈیال میں درندہ صفت شخص کے ہاتھوں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی کنول کے گھر اس کے ورثاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سول سوسائٹی کے رہنمائوں نے راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے معصوم کنول کے گھر آمد پران کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ ان کے دورکے بناے قانون سے امید ہوچلی ہے کہ اب ہمیں بروقت انصاف ملے گا اور مجرم کو ایسی عبرتناک سزا ملے گی جس سے معاشرے میں کوئی اور کنول اس طرح کے درندوں کا نشانہ نہ بنے۔

راجہ محمد فاروق حیدرخان نے مسلم لیگ ن ڈوڈیال سٹی کے صدروقار میر کی رہائش گاہ پرمسلم لیگ ن کے کارکنوں ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کی خصوصی شفقت سے ہم نے 5 سالوں میں اپنے آئینی ترقیاتی اورانتظامی و مالیاتی اہداف مکمل کیے ہرشعبہ زندگی میں اپنے وعدوں اور منشور پر عمل کیا اور آج اس کے اثرات واضح طور پر نظر آرہے ہیں قانون ساز اسمبلی سے پاس ہونیوالے قوانین میں ختم نبوت کا بل ایک تاریخ ساز کارنامہ تھا معصوم بچوں سے زیادتی کے مرتکب افراد کو پھانسی دینے کا قانون بنایا یہ ممبر اسمبلی احمد رضا قادری کا پرائیویٹ بل تھا جسے حکومت نے بعد میں خود اسمبلی سے منظور کروایا، مسلم لیگ (ن) کے سابق مرکزی نائب صدر چوہدری جاوید ظفر اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دریں اثنا سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے نیو سٹی میرپورمیں سابق معاون خصوصی راجہ تسلیم انجم کی دادی کی وفات پر تعزیت کی۔ انہوں نے اسلام گڑھ سے تعلق رکھنے والی بزرگ سیاسی و سماجی شخصیت راجہ عبد الرحمن کی وفات پر ان کے عزیز و اقارب سے تعزیت بھی کی اور مرحومین کی مغفرت کیلیے فاتحہ خوانی کی اس موقع پرسابق صدرمسلم لیگ ن ضلع میرپور لالہ عبد الملک، سابق امیدوار اسمبلی و سابق وزیر چوہدری محمد سعید سابق امیدوار اسمبلی محمد نذیر انقلابی ، سابق مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن چوہدری جاوید ظفر و دیگررہنما بھی موجود تھے۔