اومی کرون وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پوری دنیا میں تیزی سے بڑھ رہی ہے ،ڈاکٹر سعید اعوان

پاکستان میں اومی کرون کے مریض آنا شروع ہو گئے ہیں، شہری احتیاط کریں، ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد

اتوار 9 جنوری 2022 17:35

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2022ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ اومی کرون وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پوری دنیا میں تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پاکستان میں بھی اس کے مریض آنا شروع ہو گئے ہیں ۔ شہری احتیاط کریں ۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور سب سے اہم کرونا ویکسینیشن مکمل کروائیں تاکہ کرونا جیسی وبا سے بچا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس نے گزشتہ دو سال سے پوری دنیا کو متاثر کر رکھا ہے ۔ دنیا بھر میں ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے کسی حد تک کرونا وائرس پر قابو پایا گیا ۔ کئی اموات ہوئیں ، لاک ڈائون جیسے مشکل فیصلے کیے گئے ۔

(جاری ہے)

کرونا ویکسینز کے بعد کرونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا گیا تاہم دوبارہ اومی کرون وائرس نے سر اٹھا لیا ہے جس سے بڑی تعداد میں افراد متاثر ہو رہے ہیں اور پاکستان میں بھی اس کے مریض سامنے آئے ہیں ۔

عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچائو کے لیے پہلے سے جاری شدہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں اور ویکسینیشن کروائیں ۔ 30 سال سے زائد عمر کے افراد جن کی کرونا ویکسینیشن مکمل ہے وہ کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لازمی لگوائیں اور صحت عامہ کی ٹیموں سے ہر ممکن تعاون کریں ۔