Live Updates

اسٹیٹ بینک سے متعلق خطرناک بل منظور کیا گیا اس کو ریورس کریں گے

اسٹیٹ بینک غلام بینک بن گیا، عمران خان نے بل لاکر محنت کشوں اور مزدورں کے گلے کاٹ دیئے، ایوان میں بیٹھے لوگوں کا عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 جنوری 2022 17:40

اسٹیٹ بینک سے متعلق خطرناک بل منظور کیا گیا اس کو ریورس کریں گے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جنوری 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعطم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک سے متعلق خطرناک بل منظور کیا گیا اس کو ریورس کریں گے،اسٹیٹ بینک غلام بینک بن گیا، عمران خان نے بل لاکر محنت کشوں اور مزدورں کے گلے کاٹ دیئے، ایوان میں بیٹھے لوگوں کا عوام سے کوئی تعلق نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی ، خرم دستگیر اور مفتاح اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل عوام پر 700 ارب روپے سالانہ کا بوجھ ڈالا گیا، عوام کے نمائندوں کو  اس پر بات کرنے کی بھی اجازت نہ دی گئی، رات کے اندھیرے میں بل پاس کرائے گئے، اسٹیٹ بینک کا بل پاکستان کی تاریخ کا سب سے خطرناک بل ہے، رات کے 11 بجے یہ بل پاس کروایا گیا، اس پر رائے نہیں لی گئی، ہم اپنی معیشت کی چابی آئی ایم ایف کے حوالے کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر وزیر یہ کہتا ہےکہ ہم آئی ایم ایف کے ہاتھوں مجبور ہیں، اگر آپ مجبور ہیں تو ہمیں بات تو کرنے دیں، وہاں وہ لوگ بیٹھے ہوں گے جن کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے، انہیں آئین وقانون کی پروا نہیں ہے، یہ سب اس وقت ہوا جب ملک کا وزیراعظم ایوان میں بیٹھا ہوا تھا، ہم تو بحث کیلئے پوری رات بیٹھنے کو تیار تھے، کم ازکم اس بل پر بحث تو ہونی چاہیے تھی۔

خرم دستگیر نے کہا کہ کل ایوان میں پاس ہونے والا بل محنت کشوں، مزدورں کا قتل نامہ تھا، کل عمران خان نے ان کے گلے ہی کاٹ دیئے، پاکستان میں غریبوں کیلئے20 فیصد مہنگائی ہے، کل اسٹیٹ بینک غلام بینک بن گیا، کل حکومت نے اپنی خودکشی کے کاغذات پر دستخط کئے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کا 2 ارب روپے کے ٹیکس بڑھنے کا دعویٰ غلط ہے، 180ارب روپے کی قسط  کیلئے آپ نے 6 ماہ میں 350 ارب روپے کا ٹیکس لگا دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات