ملکہ کوہسار میں سیاحوں کی دوبارہ آمد کی تیاریاں، سانحہ مری سے سبق لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی منصوبہ تشکیل دے دیا

تمام متعلقہ محکموں کو قبل از وقت مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت، آئندہ کس سانحے سے بچنے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور تین اسسٹنٹ کمشنرز کو تعینات کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 جنوری 2022 20:48

ملکہ کوہسار میں سیاحوں کی دوبارہ آمد کی تیاریاں، سانحہ مری سے سبق لیتے ..
مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری2022ء) ملکہ کوہسار میں سیاحوں کی دوبارہ آمد کی تیاریاں، سانحہ مری سے سبق لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی منصوبہ تشکیل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے آئندہ بارش اور برفباری سے قبل مری کیلئے ایک نئے ہنگامی پلان کو حتمی شکل دی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل 18 جنوری اور جمعرات 20 جنوری کو پہاڑی علاقوں میں ایک بار بھر بارش اور برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو قبل از وقت مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے الرٹ کے بعد مری میں آئندہ کسی سانحے سے بچنے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور تین اسسٹنٹ کمشنرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو مری میں داخلے کی مشروط اجازت بھی دے دی ہے۔

(جاری ہے)

ہم نیوز کے مطابق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے داخلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مری میں روزانہ 8 ہزار گاڑیوں کی اجازت دے دی گئی، داخلی گاڑیوں پر پابندی مری اورآزاد کشمیر کے رہائشیوں پرلاگو نہیں ہوگی، چیف ٹریفک آفیسر مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ مری میں حد سے زائد گاڑیوں کو داخلے سے روکنے کی ذمہ داری بھی چیف ٹریفک آفیسر کی ہوگی، شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ نہیں ہوسکے گا،ایکسین چیف ٹریفک آفیسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے، چیف ٹریفک آفیسر، سٹی پولیس آفیسر مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہوں گے۔ یہاں واضح رہے کہ سانحہ مری کے بعد حکومت پنجاب نے مری میں سیاحوں کے داخلے پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کر دی تھی۔