انسانی زندگیاں بچانے والی دوائیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ،غریب طبقہ کے لئے علاج معالجہ پہنچ سے دور ہوگیا

منگل 18 جنوری 2022 15:59

انسانی زندگیاں بچانے والی دوائیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ،غریب ..
بھاگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) انسانی زندگیاں بچانے والی دوائیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ غریب طبقہ کے لئے علاج معالجہ پہنچ سے دور ہوگئی تحصیل بھاگ کے سب سے بڑے سول ہسپتال میں میڈیسن اور ڈاکٹر غریب مریضوں کے لئے خواب بن گئے رہی سہی کسر مہنگی ادویات نے پوری کردی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی طرح تحصیل بھاگ میں بھی کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول پہلے ہی خواب بنا ہوا تھا کہ بخار سر درد امراض قلب ملیریا شوگر گلے کی خراش فلو پیٹ درد آنکھوں کان ناک دانت منہ بلڈ انفیکشن جلدی امراض اور زچگی کے بعد استعمال ہونے والی دواوں کی قیمتوں میں اضافے نے علاج معالجہ کی سہولت غریب عوام کی پہنچ سے مزید دور کردی علاج معالجہ کے لئے بنائے گئے تحصیل بھاگ کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں نہ صرف ادویات بلکہ ڈاکٹر اور اسٹاف کی شدید قلت پائی جاتی ہے بلکہ دیگر اہم سہولیات کا بھی فقدان ہے سرکاری ہسپتال شفاخانے کم مردہ خانے زیادہ نظر آتے ہیں سول ہسپتال میں خواتین مریض لیڈی ڈاکٹر کو دیکھنے کے لئے آنکھیں ترس گئی ہیں ہسپتال میں ایم ایس ڈاکٹر لیڈی ڈاکٹر اور میڈیسن کی عدم سہولت کی وجہ سے درجنوں خواتین اور بچے موت کے منہ میں جا چکے ہیں لیکن صوبائی حکومت کو جوں تک نہیں رینگتی محکمہ صحت عوام سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔