محکمہ موسمیات خیبر پختونخوا کی جمعہ کی شام سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا نیاسلسلہ شروع ہونے کے پیش گوئی

جمعرات 20 جنوری 2022 14:38

محکمہ موسمیات خیبر پختونخوا  کی جمعہ کی شام سے بارشوں اور پہاڑوں پر ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2022ء) : محکمہ موسمیات خیبر پختونخوا نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں جمعہ کی شام سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا نیاسلسلہ شروع ہونے کے پیش گوئی کی ہے،اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے تمام ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر،مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، باجوڑ اور کرم میں وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے ، جبکہ گلیات، ناران، کاغان چترال،سوات ، مالم جبہ ،دیر،شانگلہ، بونیر اور مانسہرہ کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے شریف حسین نے بارشوں وبرفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے بالائی اضلاع میں بارش اور برفباری کے باعث روڈ بندش اور لینڈسلائڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہنگامی حالات کے پیش نظر ضروری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کے احکامات دیے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دیں ہیں،اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔تر جمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سیاح کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔