مظفرآباد میں نوسدہ کے مقام پر نایاب تیندوا زخمی، محکمہ جنگلات کے اہلکار ابھی تک پہنچ نہ سکے

اتوار 23 جنوری 2022 00:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) آزاد کشمیر میں نایاب تیندوا زخمی حالت میں دریائے نیلم کے کنارے پر پڑا ملا، تیندوے کو شاہراہ نیلم سے گزرنے والی گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔

(جاری ہے)

دار الحکومت مظفرآباد سے بیس کلو میٹر دور دریائے نیلم کے کنارے راہگیروں نے زخمی تندوا دیکھا،مقامی لوگوں نے جب تندوے کے قریب جانے کی کوشش کی تو وہ چلانے لگا۔

تیندوا دریا کنارے پتھروں اور پانی کے درمیان بیٹھا ہے اور حرکت کرنے سے معذور ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق تیندوے کو شاہراہ نیلم پر رات کے وقت کسی گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا، تیندوا شدید زخمی ہے، وہ چل نہیں سکتا۔ ادھر محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار تنیدوے کو بچانے اور اسے طبی امداد دینے کے لئے تاحال نہ پہنچ سکے۔