میڈیا پر روز نئی نئی سینسر شپ عائد کی جا رہی ہیں، وفاقی حکومت کا طرز عمل منی مارشل لا جیسا ہے، جام اکرام اللہ دھریجو

وفاقی حکومت کے کئی ادارے ہیں جو ہمیں کام نہیں کرنے دے رہے ہیں اس کے باوجود پیپلزپارٹی عوام کو ڈیلیور کر رہی ہے، وزیرصنعت وتجارت سندھ

جمعہ 28 جنوری 2022 21:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2022ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور محکمہ کوآپریٹیو جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ میڈیا پر روز نئی نئی سینسر شپ عائد کی جا رہی ہیں، وفاقی حکومت کا طرز عمل منی مارشل لا جیسا ہے، یہ لوگ مشرف کی باقیات ہیں ان کا مائنڈ سیٹ بھی وہی ہے۔

(جاری ہے)

قاسم آباد حیدرآباد میں ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن ہے کہ سرمایہ کار سندھ میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں، سرمایہ کاروں کو سرکاری اداروں سے متعلق جو بھی مسائل درپیش ہیں انہیں حل کرنے کے لیے ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی کا مستقبل نظر نہیں آرہا، پی ٹی آئی حکومت نے کچھ بھی پرفارم نہیں کیا ہے، انہوں نے الیکشن سے پہلے وعدے کئے تھے کہ ایک کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے نوکریاں تو ایک طرف بلکہ لوگوں سے روزگار چھینا گیا ہے، لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے، آج مہنگائی کہاں پہنچ گئی ہے، میڈیا پر روز نئی نئی سینسر شپ عائد کی جا رہی ہیں اگر صحافی ان کے خلاف بات کرتا ہے تو اسے باہر کردیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے کئی ادارے ہیں جو ہمیں کام نہیں کرنے دے رہے ہیں اس کے باوجود پیپلزپارٹی عوام کو ڈیلیور کر رہی ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور ہم جمہوری لوگ ہیں ہم ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، بلدیاتی قانون سے متعلق سیاسی پارٹیوں کے جو بھی خدشات ہیں انہیں سنا جائے گا، پی پی کا شروع سے یہ مقف رہا ہے کہ بلدیاتی قانون میں ترمیم کی جا سکتی ہے لیکن کسی ایک پارٹی کی مرضی کا قانون نہیں بنایا جاسکتا، پیپلزپارٹی اسمبلی میں اکثریت رکھنے والی جماعت ہے اور اسے قانون سازی کا حق حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے حیدرآباد میں ایک بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹور کا افتتاح کیا ہے، اس گروپ کی کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی سرمایہ کاری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہماری بزنس کمیونٹی زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرے، انہوں نے کہا کہ سندھ کہ دوسرے شہروں میں بھی اس طرح کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ نا صرف عوام کو خریداری میں سہولت ہو بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صنعت و تجارت کے شعبہ کو زیادہ سے زیادہ ترقی دی جائے اس سلسلے میں نئے صنعتی زون قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال سندھ میں ماضی کہ مقابلے میں بہت بہتر ہے جبکہ ماضی میں سرمایہ کاروں کو بھتے اور انہیں ہراساں کئے جانے کی شکایات تھیں مگر اللہ کا شکر ہے کہ امن و امان کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔