ایدھی فاونڈیشن کی چئیرپرسن بلقیس ایدھی انتقال کر گئیں

مرحوم عبد الستار ایدھی کی اہلیہ رمضان المبارک کے آغاز سے 2 روز قبل دل کا دورہ پڑنے کے بعد سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 اپریل 2022 19:00

ایدھی فاونڈیشن کی چئیرپرسن بلقیس ایدھی انتقال کر گئیں
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل 2022ء) ایدھی فاونڈیشن کی چئیرپرسن بلقیس ایدھی انتقال کر گئیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی سے افسوسناک خبر سامنے آئی ہیں۔ دہائیوں تک سماجی خدمات انجام دینے والی سماجی رہنما بلقیس ایدھی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کی جانب سے اپنی والدہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ نماز جنازہ کے حوالے سے بعد میں اعلان کیا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا "امی نہیں رہیں، دعا کریں"۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد بلقیس ایدھی نے ایدھی فاونڈیشن کی چئیرپرسن کی ذمے داری سنبھال لی تھی۔ بلقیس ایدھی دہائیوں سے کراچی سمیت ملک بھر میں سماجی خدمات انجام دیتی رہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ مرحومہ کو رمضان المبارک کے آغاز سے 2 روز قبل دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد وہ نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

جمعہ کے روز وہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ مرحومہ کو عارضہ قلب، بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے مرض لاحق تھے، گزشتہ 6 ماہ سے ان کا علاج چل رہا تھا۔ جمعہ کے روز بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ مرحومہ نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔ انہوں نے بلقیس ایدھی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات بلند کرنے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔ جبکہ ملک کے دیگر سیاسی اور سماجی رہنماوں کی جانب سے بھی بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔