Live Updates

فیصل آباد، عمران خان کل تاریخی جلسہ گاہ دھوبی گھاٹ پارک میں عوام سے خطاب کرینگے

ہفتہ 14 مئی 2022 00:28

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2022ء) سابق وزیراعظم عمران خان( کل بروز اتوار) کو تاریخی جلسہ گاہ دھوبی گھاٹ پارک میں عوام سے خطاب کرینگے جلسہ کی تیاریاں عروج پر ، شہر میں بینرز، سٹیمرز آویزاں ،تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ، دھوبی گھا ٹ ہمیشہ سیاسی جلسوں اور سرگرمیوں کا محور رہا جبکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سمیت پاک وہند کے بڑے بڑے سیاسی راہنما تاریخی جلسہ گاہ میں خطاب کر چکے ہیں۔

آن لائن کے مطابق فیصل آباد تاریخی دھوبی گھاٹ پارک کے پنڈال میں پندرہ ہزارسے زائد کرسیاں لگائی جائیں گی جبکہ 2 اسٹیج بنائے جائیںگے، اول اسٹیج پر عمران خان اور صف اول کی قیادت جبکہ سیکنڈ اسٹیج پر مقامی قیادت موجود ہوگی اور جلسہ گا ہ میں بڑی بڑی ایل سی دیزلگا ئی جا ئیں گی ، جلسہ سے ایک دن قبل تحریک انصاف کی مقامی تنظیم ریلی نکالے گی، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور مراد سعید ریلی کی قیادت کرینگے پاکستان تحریک انصاف نے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز، تنظیمی عہدیداروں کی طرف سے شہر میں بینرز، سٹیمرز آویزاں کر دیئے گئے اور پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اپنے قائد عمران خان کا استقبال کرنے کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور پی ٹی آئی کارکنان کو فعال کرنے کیلئے کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی یادرہے کہ ہمیشہ ضلع فیصل آباد سیاسی جلسوں اور سرگرمیوں کا محور رہا ہے اور دھوبی گھاٹ ایک تاریخی جلسہ گاہ ہے جو کہ 7ایکڑ رقبہ پر محیط ہے اور مذکورہ گرائونڈ سیاسی جماعتوں کے جلسوں کا ہمیشہ مرکز رہا ہے۔

(جاری ہے)

دھوبی گھاٹ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سمیت پاک وہند کے بڑے بڑے سیاسی راہنما تاریخی جلسہ گاہ میں خطاب کر چکے ہیں، تاریخی جلسہ گاہ دھوبی گھاٹ گرائونڈ میں 1932ء میں گاندھی نے لائلپور آمد پر تاریخی خطاب کیا تھا، ان کے بعد 1937ء میں جواہر لال نہرو اور سبھاش چندر بوس بھی خطاب کر چکے ہیں، اسطرح 1943ء میں تحریک پاکستان کے سلسلہ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی دھوبی گھاٹ میں تاریخی خطاب کیا، پاکستان کے وجود میں آنے کے بعد سیاسی جماعتوں کے قائدین سابق وزراء اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو، میاں محمد نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، ملک کے اہم سیاسی رہنماء مولانا مفتی محمود، خان عبدالولی خان، مولانا شاہ احمد نورانی، اصغر خان بھی اس تاریخی گرائونڈ میں عوام سے خطاب کر چکے ہیں۔

مسلم لیگ کی سرگرم راہنما محترمہ مریم نواز شریف بھی اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو متحرک کرنے کیلئے دھوبی گھاٹ گرائونڈ میں خطاب کر چکی ہیں اور اب 15 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنی سیاسی پاور شو کرنے کیلئے دھوبی گھاٹ گرائونڈ کا انتخاب کیا ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں چلنے والی بڑی تحریکوں کے سربراہان بھی دھوبی گھاٹ میں سیاسی شو کرتے رہے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات