ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں نے ایک ماہ کے دوران 3 ارب ڈالرز سے زائد رقوم بھیجیں

رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر کا مجموعی حجم 7.6 فیصد اضافے 26 ارب ڈالرز کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کر گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 13 مئی 2022 21:48

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں نے ایک ماہ کے دوران 3 ارب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2022ء) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں نے ایک ماہ کے دوران 3 ارب ڈالرز سے زائد رقوم بھیجیں، رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر کا مجموعی حجم 7.6 فیصد اضافے 26 ارب ڈالرز کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کر گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار ماہانہ ترسیلات 3 ارب سے زائد رہیں۔

 گزشتہ ماہ اپریل کے دوران ورکرز ترسیلات ریکارڈ 3 اعشاریہ 1 ارب ڈالر رہیں۔ مالی سال 22 کے 10 ماہ کے دوران ترسیلات مجموعی طور پر 26.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گذشتہ سال کی اسی مدت کی نسبت7.6 فیصد زائد ہیں۔ اپریل 2022 کے دوران ترسیلات ماہ بہ ماہ 11.2 فیصد اور سال بسال 11.9 فیصد بڑھ گئیں۔ اپریل 2022 کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 70 کروڑ ڈالر بھیجے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات سے 61 کروڑ، برطانیہ سے 48 کروڑ اور امریکا سے 34 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے ہیں۔ دوسری جانب ملکی خزانہ خالی ہونے کا سلسلہ جاری، ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 28 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئے۔ زرمبادلہ کے ذخائر190ملین ڈالر کمی کے بعد16.37ارب ڈالرہوگئے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق 6 مئی کوختم ہونے والے ہفتہ میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کاحجم10.30 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم6.06 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

جبکہ پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں روپیہ کی قدر میں کمی ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جمعہ کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر193روپے کی بلند سطح پر جا پہنچی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر194روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالرکی قدر میں1روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 191.60روپے سے بڑھ کر192.50روپے اور قیمت فروخت192روپے سے بڑھ کر193روپے ہو گئی۔

اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں1.50روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 191روپے سے بڑھ کر193.50روپے اور قیمت فروخت192روپے سے بڑھ کر194.50روپے ہو گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 1.50روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 198رپے سے بڑھ کر199روپے اور قیمت فروخت200.50روپے سے بڑھ کر202روپے ہو گئی جبکہ1.40روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 232.60روپے سے بڑھ کر234روپے اور 50پیسے کے اضافے سے قیمت فروخت237.50روپے سے بڑھ کر238روپے ہو گئی ۔