ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید گرمی کی لہر جاری ،والدین کا تعلیمی اداروں میں فوری موسم گرما کی تعطیلات کا مطالبہ

پیر 16 مئی 2022 14:45

ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید گرمی کی لہر جاری ،والدین کا  تعلیمی اداروں ..
ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) شدید گرمی کی لہر جاری ،والدین کا تعلیمی اداروں میں فوری موسم گرما کی تعطیلات کا مطالبہ ۔صوبہ کے اکثر شہروں میں گذشتہ ہفتے سے جاری گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے حتیٰ کہ مئی کے وسط میں پڑنے والی مذکورہ شدید ترین گرمی نے پچھلے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس سے طلبا و طالبات سب سے زیادہ متاثر ہونے لگے ہیں جس کی وجہ سےوالدین نے بچوں کی قیمتی زندگیاں بچانے کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان سے صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں فوری موسم گرما کی تعطیلات کا مطالبہ کیا ہے۔

طلبا و طالبات کے والدین نے کہا کہ ایک طرف روزانہ کی بنیاد پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل، محکمہ موسمیات اور محکمہ صحت سخت ترین ایڈوائزریاں جاری کر رہا ہے اور لوگوں کو ہیٹ سٹروک، لو اور شدید گرمی سے بچنے کیلئے دوپہر تک کے اوقات کے دوران گھروں میں رہنے اور حفاظتی و تدارکی اقدامات پر عمل کی ہدایت کی جارہی ہے مگر دوسری طرف سکولوں کے لاکھوں طلبا و طالبات کو بے یارومددگار چھوڑا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکثریتی سرکاری سکولوں میں با لخصوص اورنجی و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے کلاس رومز میں با لعموم بچوں کیلئے مناسب ہوا ، پنکھوں، ایگزاسٹ فینز، سایہ، الیکٹرک واٹر کولرز،وینٹی لیشن، جنریٹرز، یو پی ایس اور فرسٹ ایڈ وغیرہ کا کوئی انتظام نہیں جس نے ان کی زندگیوں کو دائو پر لگادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہی سہی کسر بجلی کی بار بار بندش نے پوری کردی ہے جس کے باعث بچے سکولوں میں ناقص، غیر معیاری و آلودہ اور مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں اسی طرح سکولوں کی کنٹینز پر گھٹیا و دو نمبر کولڈ ڈرنکس کی فروخت جاری ہے جس نے والدین کو سخت اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکول سربراہان نے بجلی جانے کی صورت میں متبادل کے طور پرمیں اپنے دفاتر کیلئے تو یو پی ایس اور جنریٹرز کا اہتمام کر رکھا ہے لیکن جن بچوں کی فیسوں سے وہ تنخواہ لیتے ہیں ان کی انہیں کوئی فکر نہیں۔