پرویز الٰہی بھی حمزہ شہباز کیخلاف عدالت پہنچ گئے‘ وزیراعلیٰ کا الیکشن چیلنج کردیا

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حمزہ شہباز کے پاس مطلوبہ نمبرز نہیں‘ حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹا کر وزیر اعلیٰ پنجاب کے نئے الیکشن کے لیے ہدایات جاری کی جائیں ۔ لاہور ہوئیکورٹ میں دائر درخواست میں استدعا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 20 مئی 2022 10:57

پرویز الٰہی بھی حمزہ شہباز کیخلاف عدالت پہنچ گئے‘ وزیراعلیٰ کا الیکشن ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 مئی 2022ء ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی بھی حمزہ شہباز کے خلاف عدالت پہنچ گئے اور انہوں نے وزیراعلیٰ کا الیکشن چیلنج کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں حمزہ شہباز اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ، اپنی درخواست میں پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز نے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کیلئے مطلوبہ ووٹ نہیں لیے جب کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حمزہ شہباز کے پاس مطلوبہ نمبرز نہیں۔

پرویز الہٰی کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے حمزہ شہباز کو بلاجواز وزیراعلیٰ کے انتخاب میں کامیاب قرار دیا ، درخواست کے حتمی فیصلے تک حمزہ شہباز کو بطور وزیر اعلیٰ کام سے روکا جائے جب کہ حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ حلف کالعدم قرار دیا جائے اور حمزہ کو عہدے سے ہٹا کر وزیر اعلیٰ پنجاب کے نئے الیکشن کے لیے ہدایات جاری کی جائیں۔

(جاری ہے)

ادھرپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہبازکو فارغ کرنے کیلئے عدالت عالیہ میں پٹیشن دائر کریں گے، استدعا کی جائے گی کہ حمزہ شہباز غیرقانونی وزیراعلیٰ ہیں،انہیں وزارت اعلیٰ سے فارغ کرکے نیا الیکشن کرایا جائے،فیصلے کے بعد حمزہ شہبازکے پاس 25ووٹ مائنس ہوگئے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے اور خود مستعفی ہونا چاہیے ۔

دوسری طرف وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ہی رہیں گے انہیں کوئی نہیں ہٹا سکتا ، وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف اپنی آئینی اور قانونی مدت پوری کریں گے کیوں کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر ن لیگ کی پنجاب اسمبلی میں تعداد 177 اراکین کی ہے ، 165 ن لیگ کے اراکین ،7 پیپلز پارٹی ، 4 آزاد اور ایک راہ حق پارٹی کا رکن ہمارے ساتھ ہے جب کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکین کی تعداد 158 بنتی ہے۔