لاڑکانہ: پی ڈی ایم اے سندھ کا ہیٹ ویو کے متعلق الرٹ جاری، مختلف اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان

جمعہ 27 مئی 2022 16:58

لاڑکانہ: پی ڈی ایم اے سندھ  کا ہیٹ ویو کے متعلق الرٹ جاری، مختلف  اضلاع ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے سندھ بھر کے اضلاع میں ہیٹ ویو کے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔الرٹ کے مطابق وسطی اور بالائی سندھ میں گرمی کی لہر میں آج ستائیس مئی سے دوبارہ شدت آنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیر پور ودیگر اضلاع میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے سندھ نے گرم موسم کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔پی ڈی ایم اے سندھ نے حیسکو/ سیپکو کے چیف ایگزیکٹیوز کو ہیٹ سٹروک سینٹرز، جنرل ہاسپٹلز اور عام عوام کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے سندھ نے فلاحی اداروں کے چیف ایگزیکٹوز کو گنجان آباد علاقوں میں قائم کر دہ ہیٹ سٹروک سینٹرز میں ایمبولینس کی فراہمی یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔

علاوہ ازیں سندھ بھر میں 2 روز میں 936 سے زائد افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوگئے۔محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں ہیٹ اسٹروک سے اب تک 2 ہزار 328 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔اس حوالے سے محکمہ صحت کے مطابق ہیٹ اسٹروک کے سب سے زیادہ 637 کیسز شکارپور میں رپورٹ ہوئے جبکہ347 افراد دادو میں ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :