حلقہ پی پی 167 میں جھگڑا،تحریک انصاف کے امیدوار شبیر احمد کو (آج)الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کاحکم

الیکشن حکام کا کام صرف 2 لائنیں لکھ کر آگاہ کرنا نہیں ہے،الیکشن میں انتخابی عملے کی غفلت ہرگز برداشت نہیں ہوگی،چیف الیکشن کمشنر اسلحے کی نمائش پر پابندی اور دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے،جھگڑے کے بعد بلا تفریق کارروائی اور گرفتاریاں کیں،سی سی پی او لاہور کی بریفنگ کوئی کتنا بھی بااثر ہو امن و امان اور شفاف الیکشن یقینی بنائیں،انتخابی عملے کے حوالے سے کوئی غفلت دیکھیں تو الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں، سی سی پی او کو ہدایت

جمعرات 23 جون 2022 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2022ء) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن حکام کا کام صرف 2 لائنیں لکھ کر آگاہ کرنا نہیں ہے،الیکشن میں انتخابی عملے کی غفلت ہرگز برداشت نہیں ہوگی۔حلقہ پی پی 167 میں جھگڑے کے معاملے پر سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی جس میں لاہور واقعہ پر سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایاکہ لاہور پولیس نے واقعے کا مقدمے میں موثر دفعات شامل نہیں کیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کیا تحریک انصاف کے امیدوار پیش ہوئے ہیں۔ سپیشل سیکرٹری نے کہاکہ تحریک انصاف کے امیدوار شبیر احمد آج پیش نہیں ہوئے۔ سپیشل سیکرٹری نے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے پر قوانین بارے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی۔ سپیشل سیکرٹری نے کہاکہ واقعہ ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔

(جاری ہے)

سپیشل سیکرٹری نے کہاکہ الیکشن کمیشن سی سی پی او کو ہدایت کرے واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے ۔

انتخابات میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنے اور پرامن بنانے کے حوالے سے ڈی جی لاء نے بریفنگ دی ۔ ڈی جی لاء نے بتایاکہ الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کو شفاف اور پر امن بنانا ہے۔سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ لاہور واقعہ میں ملوث امیدوار نااہل بھی ہوسکتے ہیں۔سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث کوئی بھی امیدوار 2 سال کے لئے نااہل ہوسکتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن حکام کا کام صرف 2 لائنیں لکھ کر آگاہ کرنا نہیں ہے،الیکشن میں انتخابی عملے کی غفلت ہرگز برداشت نہیں ہوگی۔ سی پی او لاہور نے بتایاکہ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا،ایک ن لیگ اور تحریک انصاف کے کارکن زخمی ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ سی سی پی او صاحب جن حلقوں میں الیکشن ہے امن و امان قائم رہے، کوئی کتنا بھی بااثر ہو امن و امان اور شفاف الیکشن یقینی بنائیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے سی سی پی او کو ہدایت کی کہ انتخابی عملے کے حوالے سے کوئی غفلت دیکھیں تو الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں۔چیف الیکشن کمشنر نے سی سی پی او کو واقعے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ سی سی پی او نے کہا کہ اسلحے کی نمائش پر پابندی اور دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے،جھگڑے کے بعد بلا تفریق کارروائی اور گرفتاریاں کیں۔ دور ان سماعت ن لیگ کے امیدوار نذیر چوہان نے جواب جمع کرادیا ۔

وکیل نذیر چوہان نے کہاکہ مخالف امیدوار شبیر احمد کی جانب سے حملہ کیا گیا ، واقعہ کی ویڈیوز موجود ہیں ، ن لیگ کے امیدوار نے واقعے کی وڈیوز اور تصاویر الیکشن کمیشن میں پیش کردیں ۔ وکیل (ن)لیگ نے کہاکہ مخالف امیدوار کا دفتر واقعے کے قریب تھا ۔ نذیر چوہان نے کہاکہ مجھے اللہ نے دوبارہ زندگی دی ،یہ میرا دوسرا الیکشن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے لئے ، آنے والی نسلوں کے لئے اس کیس کو مثالی بنائیں ، الیکشن کمیشن ایسی مثال قائم کرے دوبارہ انتخابی مہم کے دوران امن و امان خراب کرنے کی کوئی ہمت نہ کرے۔

وکیل (ن)لیگ نے کہاکہ وحیدہ شاہ کیس میں الیکشن کمیشن نے تاریخی فیصلہ دیا تھا، اسی طرز پر اس کیس میں بھی فیصلہ دیا جائے اور امن و امان خراب کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے ۔دور ان سماعت تحریک انصاف کے امیدوار شبیر احمد کا وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوا ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ سوا گھنٹے بعد آپ پہنچ رہے ہیں، آپکا امیدوار پیش نہیں ہوا ، اپنے کلائنٹ کو بتادیں معاملہ سنجیدہ ہے نااہلی بھی ہوسکتی ہے ۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے لئے امن و امان خراب کرنے کے واقعات نا قابل قبول ہیں ، ڈی آر او ، آر او اور ڈی ایم او الیکشن کمیشن کے ماتحت کام کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے لاہور میں الیکشن کمیشن اجلاس کریگا ، لاہور صوبے کا سب سے بڑا شہر ہے وہاں ایسے حالات برداشت نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ضمنی الیکشن کو پرامن اور شفاف بنانا ہے ، سی سی پی او صاحب آپ متحرک رہیں اور الیکشن کمیشن سے رابطے میں رہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔چیف الیکشن کمشنر نے حکم دیا کہ (آج)جمعہ کو تحریک انصاف کے امیدوار شبیر احمد الیکشن کمیشن میں پیش ہوں، سماعت (آج) جمعہ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دی گئی ۔