این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان مذاکرات جاری

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار پر پتنگ کے نشان پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے پر زور دیا جا رہا ہے،ذرائع

بدھ 29 جون 2022 15:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2022ء) کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار ضمنی انتخاب آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑنے کے خواہش مند ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار پر پتنگ کے نشان پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے پر زور دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم سے انہیں آزاد امیدوار کے طور پر سپورٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کے جواب کا انتظار ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے 2018 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا۔فاروق ستار 2018 میں اس حلقے این اے 245 سے دوسرے نمبر پر آئے تھے۔2018 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کامیاب ہوئے تھے۔عامر لیاقت حسین کے انتقال سے یہ نشست خالی ہوئی ہے، جہاں پولنگ بدھ 27 جولائی کو ہو گی۔