Live Updates

عمران خان کی دھمکیوں اور بلیک میلنگ میں نہیں آئینگے،نثار کھوڑو

حکومت اور پارلیمنٹ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات وقت پر ہی ہونگے،صدر پیپلزپارٹی سندھ

منگل 19 جولائی 2022 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2022ء) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر و سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان کی دھمکیوں اور بلیک میلنگ میں نہیں آئینگے حکومت اور پارلیمنٹ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات وقت پر ہی ہونگے اگر اتحادیوں کی مشاورت سے انتخابات کے انعقاد کا کوئی فیصلہ ہوا تو پیپلز پارٹی ہر وقت الیکشن کے لئے عوام کے پاس جانے کو تیار ہے تاہم کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئینگے اور انتخابات کا فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے جاری ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو ڈیفالٹ کی طرف جانے سے بچایا ہے اور ہمارا دامن صاف ہے اس لئے اگر اتحادیوں نے مشاورت سے انتخابات کرانے کے فیصلہ کیا تو پیپلز پارٹی عوام کے پاس ہر وقت جانے کے لئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے عمران خان اگر قبل از وقت انتخابات کے خواہشمند ہیں تو کے پی اسمبلی تحلیل کردیں اور یہ نہیں ہوسکتا کہ صرف قومی اسمبلی توڑ دی جائے اور پنجاب کی 15 نشستیں جیتنے کے بنیاد پر ملک کی تمام جنرل نشستوں کی قسمت کا فیصلہ پی ٹی آئی کی مرضی سے ہو۔

انہوں نے کہا کے عمران خان الیکشن کمیشن اور اداروں کو اس لئے نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کے محفوظ فیصلے کو دباؤ ڈال کر روکا جا سکے۔ یہ پہلا لیڈر عمران خان ہے جو چیف الیکشن کمشنر سے ای وی ایم مشین کے بغیر بھی شفاف انتخابات کروانے پر استعفیٰ مانگ رہا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان پنجاب میں ضمنی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن اسٹیبلشمنٹ اور حکومت پر پی ٹی آئی امیدواروں کو ہرانے کے لئے دھاندلی کے الزامات عائد کر رہے تھے اب ضمنی انتخابات میں 15 نشستیں جیتنے کے بعد الیکشن کمیشن حکومت اوراسٹیبلشمنٹ سے معافی مانگے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پی ٹی آئی کی سیاست کو وینٹیلیٹر سے نکالنے اور اپنے جھوٹے بیانیے پر پاؤں جما کر کھڑے ہوکر اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کے لئے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کرکے چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد دراصل فارن فنڈنگ کا اعتراف اور اپنے خلاف متوقع فیصلے کا خوف ہے ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن عمران خان کے دباؤ سے بالاتر ہوکر فوری طور پر پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے۔

نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب میں اپنی 20 نشستوں میں سے 15 نشستیں جیت کر 5 نشستیں ہارنے کے بعد کس خوشی میں جشن منا رہی ہے جبکہ پنجاب میں یہ 20 نشستیں تو پی ٹی آئی کی تھی جس میں سے پی ٹی آئی نے 5 نشستیں ہاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی اونچی اڑان اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا 224 روپے تک پہنچ جانے کی وجہ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہیں جس کے ذمہ دار بھی عمران خان ہیں جس نے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا ہے۔

نثار کھوڑو نے پارٹی پالیسی دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں میئرز، ڈسٹرکٹ کونسل اور ٹان کمیٹیز کے چیئرمین کے لئے امیدواروں کے ناموں کا ابھی تک کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اس لئے سندھ بھر میں میئرز، ڈسٹرکٹ کونسل اور ٹان کمیٹیز کے چیئرمین کے لئے چلنے والوں امیدواروں کے ناموں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور پارٹی قیادت کی منظوری کے بعد سندھ بھر میں میئرز، ڈسٹرکٹ کونسل اور ٹان کمیٹیز کے چیئرمینوں کے امیدواروں کے ناموں ک جب بھی حتمی فیصلہ کیا گیا تو ان ناموں کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات