سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی67ویں سالگرہ 26جولائی کو منائی جائے گی

اتوار 24 جولائی 2022 17:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2022ء) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی67ویں سالگرہ26جولائی منگل کو منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں سندھ سمیت ملک بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور آصف علی زرداری کیلئے صحت و تندرستی اور درازی عمر کی دعائیں مانگی جائیں گی۔

آصف علی زرداری 9ستمبر2008ءسے 8ستمبر 2013ءتک پاکستان کے صدر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری26جولائی1955کو پیدا ہوئے، وہ معروف سیاستدان حاکم علی زرداری مرحوم کے فرزند ہیں۔18دسمبر 1987ءکو آصف علی زرداری محترمہ بے نظیر بھٹوکے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے۔سال1988ءمیں محترمہ بے نظیر بھٹو کے برسراقتدار آنے کے بعد آصف علی زرداری وزیر اعظم ہاؤس منتقل ہو گئے جہاں سے ان کے سیاسی سفر کا آغاز ہوا۔1990ءمیں محترمہ بے نظیر بھٹو حکومت کی بدطرفی کے بعد ہونے والے الیکشن میں وہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔1993ءمیں نگران وزیر اعظم بلخ شیر مزاری کی کابینہ میں وزیر رہے۔محترمہ بےنظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں وہ رکن قومی اسمبلی اور وزیر ماحولیات رہے۔وہ1997ءسے1999ءتک سینٹ کے رکن رہے۔mka