ضلع کیچ میں بھی 75 ویں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات جوش و جذبے سے منائی جائینگی ، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 6 اگست 2022 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ کی سربراہی میں 75 یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کے تیاریوں حوالے سے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر کیچ آفس تربت کے مقام پر منعقد ہوا۔اس موقع پر وہاں پر ضلعی انتظامیہ پولیس، محکمہ تعلیم صحت ایریگیشن،بی اینڈ آر،ایم ایم ڈی، پی ڈی ایم اے،ماحولیات،جنگلات، اطلاعات،سماجی بہبود سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان میٹنگ میں شریک تھے۔

اس دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع کیچ میں بھی 75 ویں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات جوش و جذبے سے منائی جائیں گی اور اس حوالے سے تمام محکموں کے افسران پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر یوم آزادی کی تقریبات کو کامیاب بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری دفاتر کو سبز ہلالی پرچموں سے آویزاں کرنے کے علاوہ رات کو سرکاری عمارتوں کو جگمگاتی روشنیوں سے بھی چراغاں کیا جائے تاکہ ہم ایک محبت وطن شہری ہونے کا فرض ادا کریں اور دنیا کو روشن پاکستان سے روشناس کریں۔

دریں اثناء انہوں نے میونسپل کارپوریشن تربت کے اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کو دوبالا کرنے کے لیے آزادی ٹرک کا ماڈل تیار کیا جائے اور اسے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے پینافلکس سے سجایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرک کو ساؤنڈ سسٹم اور میوزک کے آلات لگائے جائیں تاکہ 14 اگست کے روز وطن عزیز کے شہری قومی ترانے اور ملی نغموں سے لطف اندوز ہوسکیں۔

واضح رہے کہ ڈائمنڈ جوبلی 75 یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کی تیاریوں کا سلسلہ ضلع کیچ میں شروع کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے 14 اگست کی صبح سب سے پہلے پرچم کشائی کی جائے گی ، بعد ازاں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کی جانب سے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا جائیگا اور اس کے علاوہ ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی جائے گی جس میں ضلع کیچ کے تمام مکتبہ فکر کے لوگ شامل ہونگے۔ آخر میں اسپورٹس مقابلے کے علاوہ،تقریری مقابلے، ٹیبلو اور میوزک کے پروگرامز بھی منعقد ہونگے جس میں ضلع کیچ کے طلباء اور طالبات شریک ہونگے۔