جنرل(ر)پرویزمشرف کی 79ویں سالگرہ پر سائوتھ ایشیا کی کور سٹوری

جمعرات 11 اگست 2022 20:02

جنرل(ر)پرویزمشرف کی 79ویں سالگرہ پر سائوتھ ایشیا کی کور سٹوری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) پاکستان کے سابق صدر جنرل ( ریٹائرڈ) پرویز مشرف کی 79 ویں سالگرہ کے موقع پر امریکی ایوارڈ یافتہ میگزین سائوتھ ایشیا نے اپنے تازہ شمارے میں ’’ ایک آفیسر اور جینٹل مین‘‘ کی جامع کور سٹوری شائع کی ہے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا کہ سابق صدر مشرف کے دور حکومت میں پاکستان میں حالات بہت زیادہ سازگار تھے اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بھی بہتر ہواتھا۔

ہماری شرح نمو بہت اچھی تھی اور ایک مخصوص سال میں شرح نمو 6.8فیصد تک پہنچ گئی تھی۔مشرف کے ناقدین بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ وہ واحد لیڈر تھے جو مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے بہت قریب پہنچ چکے تھے۔

(جاری ہے)

خورشید قصوری کا کہنا تھا کہ 2003 میںملائشیا میں غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے سربراہ اجلاس جس میں دنیا بھر سے رہنمائوں نے شرکت کی ، میں کیوبا کے فیڈل کاسٹرو اور پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف دو ایسی شخصیات تھیں جو بہت زیادہ نمایاں رہیں۔

جب میڈیا کو معلوم ہوا کہ جنرل مشرف بھی اجلاس سے خطاب کریں گے تو وہ پاگلوں کی طرح دوڑ پڑے۔ ہال کچا کچ بھرا ہوا تھا ، یہاں تک کہ لوگ زمین پر بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ مصر کے صدر حسنی مبارک اور بھارتی وزیر اعظم واجپائی جیسے دیگر عالمی رہنما بھی وہاں موجود تھے ۔ جنرل مشرف کے حوالے سے یہ وہ ناقابل تردید حقائق ہیں جنہیں تاریخ سے مٹایا نہیں جاسکے گا۔

کور سٹوری میں معروف شخصیات لیفٹیننٹ ( ریٹائرڈ) طلعت مسعود، لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ)خالد مقبول، ڈاکٹر عشرت حسین، جسٹس ( ریٹائرڈ) شائق عثمانی، سینیٹر ( ریٹائرڈ) جاوید جبار، ریاض محمد خان، لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) اسد درانی، لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) جاوید عالم، میجر جنرل ( ریٹائرڈ) راشد قریشی، میجر جنرل ( ریٹائرڈ) عقیل حسین، فواد چوہدری، میجر جنرل ( ریٹائرڈ) انعام الحق، طارق اکرم، سراج الدین عزیز، سابق سفیر عطیہ محمود، سابق سفیرنغمہ ہاشمی، دیوان محمد یوسف فاروقی، سابق سینیٹر نثار میمن، سابق سینیٹر خوش بخت شجاعت، طارق کرمانی، بریگیڈیئر ( ریٹائرڈ) اختر گل آغاز ، بریگیڈیئر( ریٹائرڈ) اختر زمین، ہدایت خیشگی ، نادر پنجوانی ،عتیقہ اوڈھو، استقبال مہدی، نعیم طاہر، اسلم سنجرانی اور فرح ناز کے آرٹیکلز اور تبصرے بھی شامل ہیں۔

مصنفین نے جنرل مشرف کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔ مصنفین نے پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے، خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کو تسلیم کرنے، لوکل گورننس متعارف کرانے اور میڈیا کو آزاد کرنے کے لیے جنرل مشرف کی کلیدی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔