بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک وقوم کے مستقبل کا فیصلہ کرسکتی ہے

آمروں نے طاقت کے بل بوتے پر آئین کو مسخ کیا مگر آئین کو ختم کرنے میں ناکام رہے۔ سابق صدرمملکت آصف زرداری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 اگست 2022 16:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2022ء) سابق صدرمملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک وقوم کے مستقبل کا فیصلہ کرسکتی ہے،آمروں نے طاقت کے بل بوتے پر آئین کو مسخ کیا مگر آئین کو ختم کرنے میں ناکام رہے، قائداعظم نے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی جبکہ شہید ذوالفقاربھٹو نے متفقہ آئین دیکر مضبوط ملک بنایا تھا۔

انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان کے لیئے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا قائد اعظم محمد علی جناح نے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیکر مضبوط اور مستحکم ملک بنایا تھا جو آج بھی وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد اور بندھن کا مقدس دستاویز ہے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ آمروں نے طاقت کے بل بوتے پر آئین کو مسخ کیا مگر آئین کو ختم کرنے میں ناکام رہے۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک اور قوم کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتی ہے ۔ سابق صدر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے خون سے وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا میثاق لکھا تھا ۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، آصف علی زرداری نے کہا اب وہ وقت آ چکا ہے کہ میثاق جمہوریت پر مکمل عمل کرکے ملک اور قوم کیلئے پائیدار فیصلے کیئے جائیں، آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کی تمام جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں پارلیمان کو بااختیار بنانے کیلئے متحد ہوں۔

اسی طرح پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی کے سینئر راہنما سید قائم علی شاہ کی ملاقات، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے درمیان زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید قائم علی شاہ کے درمیان سندھ کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔