این اے 245 ،الیکشن کمیشن کا پاک آرمی ،رینجرز کی نفری میں اضافے کا فیصلہ

جمعہ 19 اگست 2022 22:25

این اے 245 ،الیکشن کمیشن کا پاک آرمی ،رینجرز کی نفری میں اضافے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2022ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 245 کے ضمنی الیکشن میںپاک آرمی اوررینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر رینجرز کو پولیس کے ہمراہ تعینات کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال اور انتخابات میں مداخلت کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

جمعہ کے رو ز چیف الیکشن کمشنر نے کراچی میں 21اگست کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں آرمی ، رینجر ر ، وزرات داخلہ کے سینئر افسران ،آئی جی سندھ،چیف سیکرٹری سندھ ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، ڈپٹی کمشنر ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران سے بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مناسب اور ضروری ہدایات دی جا سکیں اور حلقے کے ووٹرز کو مکمل پر امن ماحول مہیا کیا جاسکے تاکہ وہ باخلاف و خطر مذکورہ الیکشن میں اپنے ووٹ کا استعما ل کرسکیںالیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کیلئے حلقے میں پاک آرمی کی فوری رسپانس کی تعداد کو بھی کافی حد تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی روک تھام فوری ہو سکے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ہی رینجرز بھی نہ صرف فوری رسپانس کی شکل میں ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے بلکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ اسٹشنز کے باہر پولیس کے ساتھ ڈیوٹیاں بھی دیں گے۔ مزید یہ کہ مذکورہ ضمنی الیکشن کو پٴْر امن بنانے کے لئے پولیس کی تعداد کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ آفیسر کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے افسران کسی بھی قانونی شکنی کے خلاف فوری ایکشن لینے کے لئے مستعد اور چوکس رہیں اور کسی قسم کی قانون شکنی کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کے لئے تحریری ہدایات فوری جاری کریں۔

چیف الیکشن کمشنر نے پولیس اور الیکشن کمیشن کے افسران کو خصوصی تاکید کی کہ الیکشن کے عمل میں مداخلت کرنے والے تمام عناصر کے ساتھ بلا تفریق سخت قانونی کارروائی کی جائے اور کسی کے ساتھ بھی نرمی نہ برتی جائے۔ اور اگر وہ ضروری سمجھیں تو جہاں الیکشن کمیشن کے لیول پر کارروائی ہونی چاہیے وہاں الیکشن کمیشن کو فوری آگاہ کریں۔۔۔۔اعجاز خان