کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن سے ممبر قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ کی ملاقات

حلقہ این اے 39 میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد اور علاقوں سے متعلق تفصیلی گفتگوکی

ہفتہ 20 اگست 2022 22:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2022ء) کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق سے ممبر قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ نے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نصر اللہ خان ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحان احمد، ہسپتال ڈائریکٹر ڈی ایچ کیو (ایم ٹی آئی) فرخ جمیل و دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات میں حلقہ این اے 39 میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد اور علاقوں سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔

محمد یعقوب شیخ نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی پانی سے حلقے میں کافی زیادہ نقصانات ہوئے ہیں جبکہ مزید نقصانات کا بھی اندیشہ ہے۔کمشنر ڈیرہ کی موجودگی میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوںکا دورہ کیا ہے اور انتظامیہ، محکمہ مال ، ریسکیو1122، ٹی ایم اے، محکمہ صحت، پولیس، پاک فوج ، ایریگیشن و تمام دیگر متعلقہ ادارے اپنے باہمی تعاون اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شدید بارشوں اور سیلابی پانی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپنے کے ساتھ ساتھ مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ہفتہ وار چھٹیاں بھی منسوخ کی گئی ہیں اور ڈپٹی کمشنر دفتر میں اس سلسلے میں کنٹرول روم کیا گیا ہے تاکہ بروقت اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے نقصانات کا تدارک کیا جا سکے۔