پاک قطرایسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے شریعہ کمپلائنٹ انویسٹمنٹ اسکیم کی منظور ی کا اعلان

جمعرات 22 ستمبر 2022 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2022ء) پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ سیکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)نے پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کومیوچل فنڈز( شریعہ کمپلائنٹ اجتماعی سرمایہ کاری اسکیمز)کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔ کمپنی اپنے فنڈز کے آئی پی او(IPO) کا بھی جلد اجراء کرے گی۔

پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی نے دسمبر 2021میں ایسٹ مینجمنٹ کمپنی اور انویسٹمنٹ ایڈوائزر کے طورپر کام کرنے کا لائسنس حاصل کیا تھا۔ پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ نے عوام کی سرمایہ کاری کی ضرورت کو پوراکرنے والی6پلانز پر مشتمل3شریعہ کمپلائنٹ فنڈز کی منظوری حاصل کی ہے۔ اپنی گروپ کمپنی کے مضبوط تکافل بازو کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری کے ساتھ تکافل کے فوائد کو ملایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان شوکت نے لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں تکافل کے ساتھ شریعہ کمپلائنٹ میوچل فنڈز کی وسیع اقسام کی منظوری حاصل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے اور یہ موجودہ مارکیٹ میں منفرد ہے اور یہ ہمارے صارفین کو اپنی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو متنوع بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔

پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی دوسری کمپنی ہے جو پاکستان میں خصوصی طورپر شریعہ کے مطابق میوچل فنڈز پیش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصدصارفین کو اپنے ان فنڈز میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینا ہے جو خاص طور پر ان کی سرمایہ کاری کی ضروریات کے مطابق بنائے گئے ہیں۔ ہم اپنے صارفین کو ملک میں سرمایہ کاری کے بہترین حل فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔

"سود سے پاک نفع کے ساتھ درست سرمایہ کاری کے ذریعے لوگوں کی طرزِ زندگی کو بہتر بنانا"پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کا وژن ہے۔ اپنی مہارت کے ساتھ ، ہمارا مقصد اپنے قابلِ قدر صارفین کو بہترین ٹیکنالوجی کے ساتھ جدید سرمایہ کاری کے سلوشنز، میوچل فنڈز اور سرمایہ کاری کی مشاورتی خدمات فراہم کرنا ہے۔پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی پاک قطر گروپ کا حصہ ہے جوکہ پاک قطر فیملی تکافل،پاک قطر جنرل تکافل اور پاک قطر انویسٹمنٹ لمیٹڈ پر مشتمل ہے۔

پاک قطر تکافل گروپ 2007سے پاکستان میں کام کررہا ہے اور تکافل کے ذریعے تحفظ اور سرمایہ کاری کے حل فراہم کرنے میں 15سال سے زیادہ کا مضبوط اور متنوع تجربہ رکھتاہے۔ پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی سیکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ رجسٹرڈ اور زیرِ نگرانی ہے ۔ تمام پراڈکٹس اور آپریشنز کی تصدیق مستندشریعہ اسکالرز کرتے ہیں۔