ایک ساتھ 3 تعطیلات کا اعلان

سندھ حکومت نے یوم دفاع اور عید میلاد النبیﷺ کی تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 3 ستمبر 2025 20:03

ایک ساتھ 3 تعطیلات کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر2025ء) ایک ساتھ 3 تعطیلات کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے یوم دفاع اور عید میلاد النبیﷺ کی تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ سندھ حکومت نے 5 اور 6 ستمبر بروز جمعہ اور ہفتہ کی 2 تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے، جبکہ 7 ستمبر کو اتوار کی ہفتہ وار تعطیل ہو گی۔ یوں سندھ میں رہنے والوں کو 5 ستمبر سے 7 ستمبر تک ایک ساتھ 3 تعطیلات مل گئیں۔

اس سے قبل وفاقی اور پنجاب کی حکومتیں بھی عید میلا النبیﷺ کی تعطیلات کا اعلان کر چکیں۔ وفاقی اور پنجاب حکومت نے 12 ربیع الاول کی عام تعطیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ عید میلاد النبیﷺکے موقع پر ملک بھر میں 12 ربیع الاول 6 ستمبرکو عام تعطیل ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے کابینہ ڈویژن نے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 6 ستمبر بروز ہفتہ چھٹی ہوگی۔

پنجاب حکومت نے بھی ہفتہ 12 ربیع الاول کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس روز تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ سول سیکرٹریٹ چونکہ پہلے ہی ہفتے کو بند ہوتا ہے، اس لیے وہاں معمول کے مطابق تعطیل ہوگی۔ صوبائی حکومت کے مطابق ہسپتالوں میں صرف ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی جبکہ انتظامی دفاتر اور آؤٹ ڈور پیشنٹ ڈپارٹمنٹس بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلاد النبیﷺ کی آمد کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جبکہ عید میلاد النبیﷺ کی آمد کے بعد رمضان المبارک کی آمد میں بھی چند ماہ ہی باقی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز نے حسب رویت کئی ماہ قبل ہی ماہ مبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ بتا دی۔ متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز کے مطابق آئندہ سال یعنی 2026 میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا آغاز 18 فروری سے ہونے کا امکان ہے، یعنی 17 فروری کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ اسی طرح عید الفطر 19 مارچ 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔