وزیراعلی سندھ سے وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کی ملاقات

بدھ 3 ستمبر 2025 19:54

وزیراعلی سندھ سے وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد-سکھر موٹروے (ایم6 )اور کراچی نادرن بائی پاس جامشورو موٹروے (ایم-)10 نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ایم-6 اندرون سندھ کے نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرے گی جبکہ ایم-10 کراچی کے ٹریفک مسائل کو ہمیشہ کے لیے حل کردے گی۔

یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر برائے مواصلات علیم خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیراعلی ہاس کراچی میں ان سے ملاقات کی اور دونوں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، حاجی علی حسن زرداری، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نجم شاہ اور سیکریٹری وزیراعلی رحیم شیخ شریک تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی سیکریٹری مواصلات علی شیر اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای) صاحبزادہ شہریار سلطان بھی اجلاس میں موجود تھے۔وفاقی سیکریٹری علی شیر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے ایم-6، جو کہ شمال جنوب موٹروے لنک کا آخری حصہ ہے، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پی ایس ڈی پی کے تحت حتمی منظوری حاصل کرچکا ہے۔

منصوبے کو اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی این ای سی نے 363 ارب روپے کی لاگت سے منظور کیا ہے۔این ایچ اے منصوبے کو پانچ مراحل میں مکمل کرے گی۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے دو حصوں کی فنڈنگ کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ ایک چینی کمپنی نے تمام پانچ حصے تعمیر کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔حکام نے بتایا کہ ایم-6 پاکستان کی شمال-جنوب موٹروے ریڑھ کی ہڈی کو مکمل کرے گی جو پشاور کو کراچی سے ملائے گی۔

یہ منصوبہ تجارت، لاجسٹکس اور علاقائی ترقی میں اضافہ کرے گا، سفر کے وقت کو کم کرے گا، حفاظت کو بہتر بنائے گا اور بندرگاہ سے اندرون ملک مواصلات کو آسان بنائے گا۔اجلاس میں ایم-10 موٹروے منصوبے پر بھی غور کیا گیا جو محض ایک بائی پاس اپ گریڈ سے بڑھ کر دو حصوں پر مشتمل ایک بڑے منصوبے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ان میں شامل ہیں:کراچی نادرن بائی پاس 34 کلومیٹرآئی سی آئی پل سے ہمدرد یونیورسٹی چوک تک کا حصہ، جسے 8 لین موٹروے میں تبدیل کیا جائے گا۔

134کلومیٹر نیا موٹروے ایم-10: کھیرتھر رینج کے ذریعے ہمدرد یونیورسٹی چوک سے ایم-6 جامشورو تک 6 لین موٹروے تعمیر کی جائے گی۔اس کے علاوہ 23 کلومیٹر طویل حصہ، جو ہمدرد یونیورسٹی چوک کو ایم-9 سے ملاتا ہے، 6 لین روڈ میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس طرح پورا راستہ کراچی پورٹ سے ایم-6 جامشورو تک ایک ہائی کیپیسٹی موٹروے میں تبدیل ہوجائے گا۔فی الحال ایم-10 کی فزیبلٹی اسٹڈی نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک)کے ذریعے جاری ہے۔

وفاقی وزیر علیم خان نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد کراچی کی ٹریفک کو کم کرنا ہے، تاکہ بندرگاہ سے قومی موٹروے نیٹ ورک تک ایک تیز رفتار راستہ بنایا جا سکے جو شہر کی ٹریفک سے گزرنے کی ضرورت کو ختم کر دے۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں منصوبے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کی معیشت کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم-6 اندرون سندھ کے نوجوانوں کے لیے مواقع فراہم کرے گی جبکہ ایم-10 کراچی کے ٹریفک مسائل کو ختم کرے گی۔وفاقی وزیر علیم خان نے وزیراعلی کو یقین دلایا کہ وزارت مواصلات اور این ایچ اے دونوں منصوبوں کو شفاف اور بروقت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔