علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شاہ ریز خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کر لی

muhammad ali محمد علی بدھ 3 ستمبر 2025 18:55

علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر2025ء) علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے شاہ ریز کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سناتے ہوئے شاہ ریز خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کی۔ قبل ازیں سماعت کے دوران شاہ ریز کے وکیل رانا مدثر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں، مقدمے کی تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور ہر شخص کی جیو فینسنگ بھی کرلی گئی ہے مگر شاہ ریز کا کہیں ذکر نہیں۔

(جاری ہے)

وکیل کا کہنا تھا کہ چالان میں بھی ملزم کا نام شامل نہیں جبکہ کسی تفتیشی افسر نے بھی ان کے خلاف بیان نہیں دیا۔ وکیل کے مطابق واقعے کے وقت شاہ ریز چترال میں موجود تھے اور اس حوالے سے تمام افراد کے بیانِ حلفی بھی موجود ہیں۔ رانا مدثر نے مزید کہا کہ 28 ماہ بعد شاہ ریز کو اس مقدمے میں شامل کیا گیا، مگر آج تک کسی تفتیشی افسر نے انہیں طلب نہیں کیا۔

دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ "آپ جلدی دلائل مکمل کریں، میں نے جیل جانا ہے یا باقی دلائل جیل آکر دے دیں”۔ دوسری جانب سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ ریز کے دوستوں کی فیس بک سے تصاویر حاصل کی گئی ہیں، تاہم ان کی اپنی فیس بک پر کوئی تصویر موجود نہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی درخواستِ ضمانت مسترد کی جائے۔