وزیر اعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ

شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کے قومی دن کی مبار کباد پیش کی، سعودی برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 22 ستمبر 2022 21:05

وزیر اعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2022ء) وزیر اعظم کی جانب سے سعودی قیادت کو سعودی عرب کے قومی دن کی مبارکباد۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے 92ویں قومی دن کے موقع پر ولی عہد کو مبارکباد دی، سعودی عرب کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم نے ولی عہد کو سیلاب کی صورتحال اور اس حوالے سے جاری امدادی اور بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین اور شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے لیے ایئر بریج کے قیام، اور پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عام لوگوں سے عطیات وصول کرنے کے لیے مملکت میں "سہیم" پورٹل کے آغاز پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

(جاری ہے)

ٹیلی فونک رابطے کے دوران سعودی ولی عہد نے پاکستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے مملکت کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے سعودی مملکت کی مستقل حمایت کو سراہا اور ولی عہد کو دونوں برادر ممالک کے درمیان جاری اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافہ کے ساتھ ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری بھی شامل ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔