18 سال تک جو کوئی اور نہ کر سکا، وہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے کر دکھایا

ہدف کے تعاقب میں ڈبل سینچری شراکت داری قائم کرنے والی دنیا کی واحد اوپننگ جوڑی بن گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 ستمبر 2022 00:19

18 سال تک جو کوئی اور نہ کر سکا، وہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے کر دکھایا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2022ء ) 18 سال تک جو کوئی اور نہ کر سکا، وہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے کر دکھایا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کی رات کو بابر اعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی نے کئی ریکارڈ اپنے پیروں تلے روند ڈالے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان ہدف کے تعاقب میں ڈبل سینچری شراکت داری قائم کرنے والی دنیا کی واحد اوپننگ جوڑی بن گئے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے آغاز کے بعد سے 18 سالوں کے دوران آج تک دنیا کی کسی ٹیم کی اوپننگ بلے بازوں کی جوڑی ہدف کے کامیاب تعاقب میں ڈبل سینچری شراکت داری قائم نہیں کر سکی، جمعرات کے روز کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی نے 203 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اس سے قبل بطور پاکستانی اوپننگ جوڑی سب سے بڑی شراکت داری کا ریکارڈ بھی بابر اعظم اور محمد رضوان کے پاس ہی تھا، جب انہوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف 197 رنز کی شراکت داری قائم کر کے پاکستان کیلئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کا حصول ممکن بنایا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز کی سب سے کامیاب جوڑی بھی بن گئے۔ پاکستانی پیئر نے بھارت کے شیکھر دھون اور روہت شرما کی جوڑی کو پیچھے چھوڑ دیا، بھارتی جوڑی نے 52 اننگز میں 1743 رنز بنائے تھے تاہم بابر اور رضوان نے 36 شراکتوں میں بھارتی جوڑی سے زیادہ رنز بنالیے ہیں۔ محمد رضوان اور بابر اعظم کے درمیان اوسط پارٹنرشپ سکور 52 سے زائد ہے اوران دونوں کی جوڑی بطور پارٹنرز 1800 رنز جوڑنے والی پہلی جوڑی بھی بن گئی۔

یاد رہے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے ڈبل سنچری پارٹنر شپ بنا کر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔ انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کو 200 رنز کا ہدف دیا گیا تھا، جو بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بلے بازی کے باعث پاکستان نے 3 گیندوں قبل ہی حاصل کر لیا۔ دونوں بلے باز ناٹ آوٹ بھی رہے، یوں پاکستان کو 10 وکٹوں سے فتح حاصل ہوئی۔