راولپنڈی،سابق ایم این اے جمشید دستی گرفتار

جمشید دستی کے خلاف تھانہ محمود کوٹ ضلع مظفر گڑھ میں ٹرک ڈرائیورایسوسی ایشن نے مقدمہ درج کروایا تھا

منگل 27 ستمبر 2022 16:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2022ء) راولپنڈی پولیس نے رات گئے پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو گرفتار کرلیا۔جمشید دستی کے خلاف تھانہ محمود کوٹ ضلع مظفر گڑھ میں ٹرک ڈرائیورایسوسی ایشن نے مقدمہ درج کروایا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق ان پر 38 لاکھ روپے کی خیانت کا الزام ہے، اس مقدمے میں جمشید دستی کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

گزشتہ رات سابق رکن قومی اسمبلی نے اپنے قومی شناختی کارڈ کیساتھ راولپنڈی کے ایک ہوٹل میں چیک ان کیا جس پر رالپنڈی پولیس کو اشتہاری مجرم کی وہاں موجودگی سے آگاہ کیا گیا۔جس کے بعد راولپنڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جمشید دستی کو گرفتار کر لیا، مظفر گڑھ پولیس جمشید دستی کو تحویل میں لینے کیلئے راولپنڈی روانہ ہوچکی ہے جہاں وہ انہیں اپنی حراست میں لے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جمشید دستی پہلی مرتبہ 2008 کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ 2013 کے انتخابات میں ا?زاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا اور کامیاب ہوئے۔جعلی ڈگری پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا اور اسی معاملے پر جیل بھی گئے لیکن ضمنی الیکشن میں این اے 178 میں دوبارہ منتخب ہوگئے تھے۔انہوں نے 2013 میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی تاہم 2018 کے انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے تھے۔