Live Updates

وفاقی وزارت داخلہ کا ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط

اطلاعات ہیں ایک سیاسی جماعت 12 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے، محاصرے کی یہ تاریخیں 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات سے مطابقت رکھتی ہیں،ضمنی انتخابات 90دن کیلئے ملتوی کیے جائیں، وزارت داخلہ کا خط

Qamar Haneef قمرحنیف جمعہ 7 اکتوبر 2022 23:52

وفاقی وزارت داخلہ کا ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 اکتوبر 2022ء) 16 اکتوبر کا ضمنی الیکشن ملتوی کیا جائے، وزارت داخلہ نے ضمنی الیکشن ملتوی کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے رواں ماہ 16 اکتوبر کو شیڈول تحریک انصاف کی خالی قرار دی گئی قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن کو ملتوی کروانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

اس حوالے سے جیو نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے باقاعدہ طور پر الیکشن کمیشن کو خطر تحریر کیا ہے۔ اپنے خط میں وزارت داخلہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن اور بلدیاتی الیکشن ملتوی کیے تھے، سیلاب اور اس کے بعد بیماریوں بالخصوص ڈینگی نے صورتحال مزید بگاڑ دی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی وسیع پیمانے پر ریلیف دینے میں مصروف ہے،وفاق اور صوبوں کی زیادہ تر توانائیاں بحالی کے کاموں میں لگے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ مستند اطلاعات ہیں ایک سیاسی جماعت 12 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے، محاصرے کی یہ تاریخیں 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات سے مطابقت رکھتی ہیں، اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال برقراررکھنے کیلئے بھاری نفری درکار ہوگی، ایسی صورتحال میں آرمی، رینجرز اورایف سی پر شدید دباؤ ہوگا۔ ان اداروں سے اضافی کام لیاگیا تو الیکشن کی ساکھ پر سوال اٹھ سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کا اختیار حاصل ہے، لہٰذا درخواست کی جاتی ہے کہ ضمنی انتخابات 90دن کیلئے ملتوی کیے جائیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے چاروں صوبوں میں سیلاب کی تبارکاریوں کی وجہ سے ضمنی الیکشن ملتوی کیے گئے تھے۔ قومی اسمبلی کی 9 ، پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات گزشتہ ماہ ہونے تھے، جبکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ بھی گزشتہ ماہ شیڈول تھا، تاہم الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ کے آخر میں شیڈول تمام انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات