تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ کی کارروائی، بزرگ شہریوں کو لفٹ دینے کے بہانے لوٹنے والاملزم گاڑی سمیت گرفتار کرلیا

جمعہ 28 اکتوبر 2022 22:06

تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ کی کارروائی، بزرگ شہریوں کو لفٹ دینے کے بہانے ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2022ء) تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ کی کارروائی، بزرگ شہریوں کو لفٹ دینے کے بہانے لوٹنے والے مرکزی ملزم کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی محمد یسین بیگ اور ڈی ایس پی سٹی اشتیاق گیلانی کی ہدایت پر سیکرٹریٹ پولیس کے تفتیشی آفیسر محمد عظیم نے مع ڈی ایف سی مجاہد حسین، وسیم قریشی، راجہ ثاقب کارروائی کرتے ہوئے بزرگ شہریوں کولفٹ کے بہانے لوٹنے والے گروہ کے مرکزی ملزم محمد اعجاز ولد غلام ربانی ساکنہ گلی کھوکراں حال راولپنڈی کو گرفتار کر لیا ہے۔

ملزم کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والی کار نمبر 8184 بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ ایس ایچ او راشد حبیب نے بتایا کہ ملزم راولپنڈی سے واردات کے لئے آکر اپر چھتر اور بنک سکوائر میں پیدل چلتے ہوئے بزرگ شہریوں کو لفٹ کے بہانے گاڑی میں بٹھا کر رقم لوٹنے کے بعد فرار ہو جاتا تھا۔ملزم سے تفتیش اور اس گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے شہریوں سے استدعا کی ہے کہ اجنبی افراد کے ساتھ گاڑیوں میں بیٹھنے سے اجتناب کریں اور ایسے مرد و خواتین کو گھروں میں بھی داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔