پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ، افتتاحی ٹیسٹ کی میزبانی کراچی کو ملنے کا امکان

ایسا ہوتا ہے تو کراچی پہلے اور تیسرے ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا جب کہ دوسرے ٹیسٹ کا مقام ملتان رہے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 نومبر 2022 11:51

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ، افتتاحی ٹیسٹ کی میزبانی کراچی کو ملنے کا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 نومبر 2022ء ) ملکی سیاسی صورتحال کے درمیان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کے لیے بیک اپ پلان پر غور کر رہا ہے۔ موجودہ شیڈول کے مطابق انگلینڈ یکم سے 5 دسمبر تک راولپنڈی میں تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلے گا تاہم پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جڑواں شہروں کی طرف آزادی مارچ کے باعث پی سی بی پلان بی پر غور کر سکتا ہے۔

پی سی بی کے ایک ذریعے نے جیوٹی وی کو بتایا کہ وہ اس معاملے پر وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ سیاسی عدم استحکام کی صورت میں پہلا ٹیسٹ کراچی منتقل کر دیا جائے گا جو پہلے ہی 17 سے 21 دسمبر تک آخری ٹیسٹ کی میزبانی کرنے والا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو کراچی پہلے اور تیسرے ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا جب کہ دوسرے ٹیسٹ کا مقام ملتان رہے گا۔

(جاری ہے)

مقام کی تبدیلی کی صورت میں انگلینڈ کی ٹیم کی آمد کے شیڈول پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔

ابتدائی طور پر انگلش ٹیم 27 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔ ابھی تک ٹیسٹ میچ کے مقام کی تبدیلی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہم حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ شیڈول میں ممکنہ تبدیلیوں کے بارے میں حتمی کال ایک دو دنوں میں کی جائے گی۔ انگلینڈ نے رواں سال ستمبر،اکتوبر میں 7 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ٹورنگ پارٹی نے سیریز 4-3 سے جیتی تھی۔