سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد کے فوری آڈٹ کا حکم دیدیا

آئی پی سی کی میٹنگ میں چائے کا خرچہ چار لاکھ سوالہ ہزار تھا، سپریم کورٹ کے اجلاسوں میں ہم کھانا پینا خود کرتے ہیں، چیف جسٹس

پیر 28 نومبر 2022 23:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2022ء) سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد کے فوری آڈٹ کا حکم دیدیا جبکہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ آئی پی سی کی میٹنگ میں چائے کا خرچہ چار لاکھ سوالہ ہزار تھا، سپریم کورٹ کے اجلاسوں میں ہم کھانا پینا خود کرتے ہیں۔گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ جلد از جلد آڈٹ کے عمل کو مکمل کیا جائے،2 دسمبر 2019 سے 20 جون 2022 تک کا آ ڈٹ، گن کلب اور سی ڈی اے کے درمیان زمین لیز کا معاملہ پر مجاز اتھارٹی فیصلہ کرے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہمیں گن کلب کی جانب سے اسلحہ کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں،موجودہ کمیٹی کی جانب سے آڈٹ بھی نہیں کروایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نعیم بخاری ممبر کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں فیصل سخی بٹ ،دانیال عزیز اور خرم خان کی سیاسی تقرریاں ہوئیں،انٹرنل آڈٹ ہر سال ہو رہا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بینچ کے ایک ممبر کیس نہیں سننا چاہتے،ایک سو اسی کروڑ کی ادائیگی متعلقہ اتھارٹی فیصلے کرے ہم کچھ نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ قومی اثاثہ ہے جس کو ہم صرف تحفظ دینا چاہتے ہیں،حکومت جلد از جلد قانون سازی کرے اور کلب کے انتظامات کو سنبھالے۔ عدالت نے کیس کی سماعت فروری تک ملتوی کردی۔