Live Updates

عمران خان کا اِنہیں خوف ہے، شہبازشریف میں اتنی جرات ہے کہ ایک قیدی کو فون کرلے؟ علیمہ خان

اس وقت جنگ پر فوکس، باڈروں کی حفاظت اور مودی کو کچھ کہنے کی بجائے یہ پورا خاندان ہمارے پیچھے لگا ہوا ہے، یہ مودی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں لیکن ان کا سب سے بڑا دشمن عمران خان ہے؛ میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 13 مئی 2025 12:40

عمران خان کا اِنہیں خوف ہے، شہبازشریف میں اتنی جرات ہے کہ ایک قیدی کو ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا اِنہیں خوف ہے اس لیے شہبازشریف میں اتنی جرات کہاں ہے کہ ایک قیدی کو فون کرلے؟۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پنجاب حکومت کی جیل میں ہیں، شہباز شریف انہیں ڈائریکٹ فون کرلیں، بیچارے شہباز شریف کے اندر اتنی جرات ہے کہ ایک قیدی کو فون کر لے؟ یہ گیڈر ہیں سارے، شہباز شریف اور نواز شریف عمران خان کو فون کر کے دکھائیں، اِن کی دوستی مودی کے ساتھ ہے، عمران خان کا تو اِنہیں خوف ہے۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی پنجاب حکومت اس وقت جنگ پر فوکس، باڈروں کی حفاظت اور مودی کو کچھ کہنے کی بجائے یہ پورا خاندان ہمارے پیچھے لگا ہوا ہے، ان کو ڈر ہے کہ ہم شاید خاندانی سیاست کر رہے ہیں لیکن ہمارا مقصد صرف عمران خان کی رہائی ہے، یہ مودی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں لیکن انکا سب سے بڑا دشمن عمران خان ہے، میرا نام 42 مقدمات میں شامل کیا جا چکا ہے، معلوم پڑا ہے عمران خان سے ملاقات کے بعد اُن کا پیغام باہر لا کر بتانے کی وجہ سے میرا نام اتنے مقدمات میں شامل کیا گیا، نمل یونیورسٹی کی فنڈریزنگ کیلئے برطانیہ جانے کی تیاری ہے لیکن خدشہ ہے کہ عدالتی آرڈر کے باوجود بھی بیرونِ ملک نہ جانے دیا جائے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اورپی ٹی آئی رہنماء رﺅف حسن کے نام سفری پابندیوں سے نکالنے کا حکم دیا ہے، عدالت کی جانب سے علیمہ خان کو بیرون ملک جانے کیلئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے علیمہ خان کی درخواست پر فیصلہ سنایا، وکیل ایڈووکیٹ علی بخاری، خالد یوسف چوہدری اور نیاز اللہ نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات