سرگودہا پولیس نے بین الصوبائی سمگلر کو گرفتار کرکے33کلو منشیات برآمد کر لیں

ہفتہ 3 دسمبر 2022 15:04

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2022ء) سرگودہا پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ بین الصوبائی سمگلر کو گرفتار کرکے 33 کلو سے زائد منشیات برآمدکرلی ۔سرگودہا پولیس منشیات فروشوں کے خلاف برسرِ پیکار ہے اور منشیات کے خاتمہ کے لیے بھرطریقے سے کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں ۔ ہفتہ کو منشیات کے خلاف کی گئی کاروائی میں سرگودہا کے تھانہ اربن ایریاء کی پولیس نے بدنامِ زمانہ منشیات فروش گُل ولی خان جوکہ خیبرایجنسی کا رہائشی ہے کو منشیات سمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے 27پیکٹ منشیات جن میں 5عدد پیکٹ افیون اور 22عددپیکٹ چرس کے ہیں اوراس کا کل وزن 33.5کلو گرام ہے برآمد کرلی گئی ہے۔

ملزم گل ولی خان کے قبضہ سے منشیات سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی پولیس تھانہ اربن ایریاء نے اپنے قبضہ میں لے لی ہے۔

(جاری ہے)

ملزم گل ولی خان منشیات سرگودہا کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی سپلائی کرنے جاتاتھا، ملزم گل ولی خان کے سہولت کار اورمنشیات کے خریداروں ممتاز میکن ، احمد میکن اور وسیم گجر کوبھی مقدمہ میں نامزد کیا گیاہے جن کی نشاندہی خود ملزم گل ولی خان نے کی ہے۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کاانعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد طارق عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موسمِ سرما کے ساتھ ہی ضلع سرگودہا میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوجاتاہے اور بیرونِ اضلاع سے کافی تعداد میں لوگ سرگودہا شہر کا رُخ کرتے ہیں ان ایام میں پولیس کی ذُمہ داری میں مزید اضافہ ہوجاتاہے اور سماج دشمن عناصر ان ایام میں اپنی مجرمانہ سرگرمیوں میں تیزی لانے کی کوشش کرتے ہیں ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہاکہ سرگودہا پولیس ان کے ان عزائم سے پوری طرح باخبر ہے اوراپنے محدود وسائل کے باوجود ان عناصرکی سرکوبی اور نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچانے کے لیے ہروقت تیار ہے ۔عوام کو چاہیے کہ وہ منشیات کے خلاف جنگ میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طورپر مقامی پولیس کو دیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد طارق عزیز نے اس شاندار کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ اربن ایریا ء سب انسپکٹر آزر ندیم ، سب انسپکٹر شبیر حسین ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اعجاز جبکہ کنسٹیبلان ناصر الرحمان ، صفد حسین ، فیاض خان اورتصور عباس کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام دینے کی اعلان کیا ہے۔