عوام کو روزگار کی فراہمی ہماری ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے، پارٹی قیادت کے وژن اور قانون کے مطابق محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹی اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی،ڈاکٹر قادر مندوخیل

ہفتہ 3 دسمبر 2022 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2022ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی پارٹی ہے، عوام کو روزگار کی فراہمی اس کی ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے، 2009 میں ہم نے سابقہ ادوار کے برطرف شدہ ملازمین کی بحالی کی اور بحال شدہ ملازمین کو درپیش مشکلات کے لئے یہ کمیٹی کام کر رہی ہے، پارٹی قیادت کے وژن کے مطابق محنت کشوں کے مسائل کے لئے کمیٹی اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کو ہم نے کھلی کچہری کی طرز پر چلانا شروع کیا ہے اور قومی اسمبلی کے دروازے ملازمیں کے لئے کھول دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں ہوئے یا حکومت سے باہر محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لئے کام کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 1993میں شہید بے نظیر بھٹو کے دور حکومت میں جو سرکاری بھرتیاں ہوئیں انہیں برطرف کر دیا گیا لیکن پیپلز پارٹی نے دوبارہ حکومت بنائی تو سب سے پہلے ان ملازمین کو بحال کیا اور آصف علی زرداری کے دور میں باقاعدہ ایک ایکٹ بنایا گیا اور لوگوں کو بحال کیا گیا، تو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں بینچ نے ان سب لوگوں کو فارغ کر دیا پھر دھرنا ہوا اور جسٹس عطاء بندیال کی سربراہی میں پھر ملازمین کو بحال کردیا گیا ، لیکن بحال شدہ ملازمین کے مسائل پیدا ہوئے جنہیں حل کرنے کے لئے بلاول بھٹو زرداری کے مطالبہ پر 12 اکتوبر کو یہ کمیٹی وجود میں آئی اور مجھے اس کے سربراہ کی ذمہ داری سونپی گئی۔

کمیٹی کی ذمہ داری سنبھالتے ہی ہم نے لوگوں کی شکایات پر متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کئے اور اس سے پہلے جو قائمہ کمیٹی موجود تھی اس کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کے لئے بھی بیورو کریسی کو ہدایات جاری کیں، ہم نے اسمبلی میں اس بل کو دوبارہ پیش کیا ہے تاکہ عدم عملدرآمد کی صورت میں اس حوالے سے شوکازاور ہدایات کا بھی اختیار مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ملازمین کے لئے کام کیا ہے اگر میں تنخواہوں میں اضافے کی بات کروں تو سابق صدر آصف علی زرداری کے دور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ڈیڑھ سو فیصد بڑھائی گئی تھیں ۔

قادر مندوخیل نے بی بی شہید کی ایک بات کا حوالہ دیا جب انہوں نے کہا تھا بھلے مجھے جیل بھجوا دو لیکن میں لوگوں کے روزگار کے لئے کام کرتی رہوں گی اورسابق صدر آصف علی زرداری اور ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، اور ہماری قائد فریال تالپورصاحبہ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی اسی مشن پر گامزن ہیں اور ہم نے اس کمیٹی کو کھلی کچہری کی طرز پر چلایا ہے لوگوں کے لئے اسمبلی کے دروازے کھلوا دیئے ہیں ۔

انہوں نے پاکستان سٹیل ملز کے ایک بحال شدہ ملازم کی درخواست کا حوالہ دیا جسے سپریم کورٹ نے بحال کیا لیکن گریڈ نہیں دیا گیا، انہوں نے کہا کہ جو ڈیپارٹمنٹ آئے اس کے ملازمین کو بلایا جائے گا تاکہ مسائل کی نشاندہی کے ساتھ فوری ازالہ کے لئے ہدایات جاری کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل مل شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تحفہ ہے، سٹیل مل کے ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے سنیارٹی کے مسائل کو قانون کے مطابق حل کیا جائے گا اب کسی کی حق تلفی نہیں ہو گی۔

انہوں نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے کرپشن پر برطرف ملازم کے کیس کا بھی تفصیلی حوالہ دیا اور کہا کہ اس جیسے تمام معاملات کا بغور جائزہ لیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی نظامت تعلیمات اسلام آباد کے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ پر اساتذہ کی تنخواہوں اور دیگر مسائل کو بھی سنا جائے گا اور حل کی سفارش کی جائے گی۔