آزاد میڈیا اور تعمیری صحافت جمہوریت کیلئے ناگزیر ہیں ،محمودخان

گزشتہ چار سالوں کے دوران صوبائی حکومت اور میڈیا کے مابین مثالی تعلقات قائم رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 13 دسمبر 2022 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2022ء) امیر احمد صدیقی میڈیا ایوارڈز کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد کی گئی ، جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مختلف کٹیگریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صحافیوں میں ایوارڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کی صحافت کے شعبے میں مثالی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا جو ان کے بیٹے ارشد یوسفزئی نے وصول کیا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے بھی ایوارڈ ز لینے والوں کو 50 ہزار روپے فی کس نقد انعام دینے کا اعلان کیاجبکہ رحیم اللہ یوسفزئی کے آبائی علاقے تحصیل کاٹلنگ میں واقع ہسپتال کو رحیم اللہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف ، سیکرٹری اطلاعات ارشد خان ، چیئرمین ججزکمیٹی آف دی ایوارڈز اسماعیل خان، چیئر مین شعبہ صحافت و ابلاغ عامہ جامعہ پشاور ڈاکٹر فیض اللہ جان ، صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض اور دیگر سینئر صحافیوں نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر احمد صدیقی میڈیا ایوارڈز کا اجراء بلا شعبہ ایک احسن اقدام ہے جو مثبت اور معیاری صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے امیر احمد صدیقی، رحیم اللہ یوسفزئی اور دیگر سینئر صحافیوں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیااور کہا کہ رحیم اللہ یوسفزئی نے ہمیشہ مثبت صحافت کی اور ان کی صحافتی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔

میں رحیم اللہ یوسفزئی مرحوم کو اپنا استاد سمجھتاہوں اور مختلف مسائل پر ان سے مشورہ کرتاتھا ۔ وزیراعلیٰ نے نوجوان صحافیوں پر زور دیا ہے کہ وہ صحافت میں رحیم اللہ یوسفزئی جیسے صحافیوں کی پیروی کریں اور صحافتی اعلیٰ اقدار کو اپنا شعار بنائیں ۔ و زیراعلیٰ نے کہا کہ آزاد میڈیا اور تعمیری صحافت جمہوریت کیلئے ناگزیر ہیں اور میڈیا نے جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران صوبائی حکومت اور میڈیا کے مابین مثالی تعلقات قائم رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔