Live Updates

صوبوں کے وسائل پر سب سے پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے،الطاف شکور

ریکوڈک کو وفاق کو دینے کے لئے اسمبلیوں میں بل خفیہ طور پر پاس کیا گیا،عوام کے حقوق غصب کرنے والے پاکستان کے اصل دشمن ہیں، چیئرمین پاسبان

پیر 19 دسمبر 2022 20:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2022ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ صوبوں کے وسائل پر سب سے پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے۔ پیپلز پارٹی نے قرار داد پاس کرکے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حیثیت آصف علی زرداری کے ہاتھوں، رکھیل سے زیادہ نہیں ہے۔ انگریزوں کے کتے نہلانے والے پاکستان پر حکمرانی کر رہے ہیں۔

یہ پاکستان کی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کر رہے ہیں۔ ریکوڈک منصوبے کو وفاق کے حوالے کرنے کے لئے سندھ اسمبلی میں بل خفیہ طور پر پاس کیا گیا جو کہ پیپلز پارٹی کی بددیانتی ثابت کرنے کے لئے کافی ہے۔ ریکوڈک منصوبے کو وفاق کے حوالے کرنے کے لئے سندھ اور بلوچستان کی اسمبلیوں سے قرار داد پاس کرنے کے لئے کہاں سے دباؤ ڈالا گیا صوبوں کے وسائل پر سب سے پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے قرار داد پاس کرکے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔بلوچستان کے حقوق غضب کرکے بلوچستان کے عوام میں باغیانہ سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ جو لوگ عوام کے حقوق غصب کر رہے ہیں وہ پاکستان کے اصل دشمن ہیں۔ پاسبان مرکزی عہدیداران کے اجلاس میں ریکوڈک پر گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری سندھ کے لوگوں کے ساتھ ٹھگی کر رہے ہیں اور اپنا الو سیدھا کرنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ کی چاکری کر رہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے صدر بننے کے لئے سندھ کی قیمتی زمینیں کوڑیوں کے مول غیر سندھیوں کے حوالے کی اور اب سندھ و بلوچستان کے قدرتی وسائل کو غاصب ٹولے کے حوالے کرکے بیٹے کو وزیراعظم بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ اگر بلاول زرداری وزیراعظم بن سکتے ہیں تو انتخابات کا ڈھکوسلہ بند کیا جائے اور براہ راست سلیکشن کر لی جائے۔ عوام کی آواز ایوانوں میں نہیں پہنچ رہی ہے۔ موجودہ حالات بتا رہے ہیں کہ ہم نے مشرقی پاکستان کے سانحے سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ عمران خان نے احتساب کے نام پر قوم کو دھوکہ دیاہے۔ عوام بگ تھری سے جان چھڑائیں۔ جن لوگوں نے بلوچستان کے معدنی ذخائر کو وفاق کے حوالے کرنے کی قرار داد منظور کی تاریخ انہیں غدار کے نام سے یاد کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات