نظام مصطفی ،قرآن اور دستور ہمارا منشور ہے، پیر اعجاز ہاشمی

کارکنان آئندہ انتخابات کی تیاری کریں، تحریک ختم نبوت میں متحرک کردار پرقائدین اہل سنت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں افسوس اسلامی نظریے کی بنیاد پر تشکیل پانے والا ملک چند خاندانوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے، مرکزی صدر جے یو پی کا خطاب

جمعرات 29 دسمبر 2022 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 دسمبر2022ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمدہاشمی نے کہا ہے کہ جے یو پی اہل سنت کی نمائندہ اور آئین پاکستان کو اسلامی بنانے میں کلیدی کردار رکھنے والی جماعت ہے ۔قابل فخر درخشندہ ماضی اور روشن مستقبل رکھنے والی جے یو پی کے کارکنان آئندہ انتخابات کی تیاری کریں۔ عوام سے رابطے مضبوط بنائیں۔

جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جمعیت علمائے پاکستان کی آبیاری اور تحریک ختم نبوت میں متحرک کردار پرمولانا شاہ احمد نورانی، مولانا عبدالستار خان نیازی، مولانا احمد سعید کاظمی ،مولانا حامد علی خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا جے یوپی قائدین اہل سنت کی نشانی ہے۔نظام مصطفی ،قرآن اور دستور پاکستان ہی ہمارا منشور ہے۔

(جاری ہے)

آج افراتفری کے دور میں لوگ اقتدار کے لیے مارے مارے پھرتے ہیں مگر یہ جے یو پی کے کارکن اور رہنما ہی ہیں ،جنہیں کرسی اور عہدوں سے نہیں ،اسلام اور پاکستان سے محبت ہے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے کارکنوں نے اپنی زندگیاں نظام مصطفی کی جدوجہد کے لیے وقف کر رکھی ہیں، مگر افسوس اسلامی نظریے کی بنیاد پر بننے والا پاکستان صرف چند خاندانوں کے ہاتھوں میں یرغمال بنا ہوا ہے ۔

عوام کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا جے یو پی کی سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں مملکت خداداد کو ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کا نام دیا گیا، مگر افسوس اسلامی مملکت کے اصول یہاں نافذ نہیں کئے گئے۔ عوام کو بنیادی انسانی اور سیاسی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ آئین کو اسلامی بنانے، قادیانی کو اقلیت قرار دلوانے کی پاداش میںجے یو پی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔