گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی اور بینک الفلاح اسلامک کےدرمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط ،36طالبات کو انٹرن شپ کی پیشکش

جمعرات 5 جنوری 2023 15:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2023ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد طالبات کے بہترین مستقبل کیلئے ہر وقت کوشاں ہے اور انہیں اس ضمن میں تمام ممکن سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی اور بینک الفلاح اسلامک کے مابین مفاہمتی یاد داشت پردستخط کرنے کی تقریب میں کیاجس کے مطابق بینک الفلاح اسلامک، گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی اسلامک بینکنگ کی 36طالبات کو انٹرن شپ کی پیشکش کر رہا ہے جس کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے کہا کہ وہ بینک الفلاح کی تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی طالبات کو بہترین موقع فراہم کیا۔

(جاری ہے)

بینک الفلاح اسلامی کے آفیسر محمد رمضان نے بینکنگ سیکٹر میں خواتین نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے اپنے ویژن کی وضاحت کی کہ کارپوریٹ بینکنگ سیکٹر میں خواتین کو با اختیار بنانا ہے۔ سٹیٹ بینک کے ترجمان وقاص کاشف باجوہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پاکستان میں اسلامی بینکاری پر بڑے پیمانے پر کام کر رہا ہے تاکہ مذہبی بنیادوں پر بینکوں کے ذریعے کاروبار کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے بینکنگ کے شعبے میں طلبا کیلئے ترقی کے مواقع پیدا کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طالبات کو تعلیم کے ساتھ عملی تجربات سے آراستہ کرنے کے ویژن کو سراہا۔چیئرمین نے اس مفاہمت نامے کو اسلامی بینکاری کے میدان اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی خواتین کی پہلی یونیورسٹی ہے جس میں طالبات کو انٹرن شپ دی گئی ہے جس کیلئے انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق کو مبارکباد دی۔

مفاہمتی دستاویزات پر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی جانب سے آصف اے ملک رجسٹرار اور بینک الفلاح اسلامک کی جانب سے محمد رمضان آر بی ایچ ملتان و فیصل آباد نے دستخط کئے۔تقریب میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز اسما عزیز،اسلامی بینکنگ شعبہ کی طالبات اور فیصل آباد کے مختلف بینکوں سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے بھی شرکت کی۔