کراچی کو کیک کی طرح بانٹ کر کھانے کی اجازت نہیں دیں گے،الطاف شکور

جمعہ 13 جنوری 2023 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2023ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی کو برتھ ڈے کیک کی طرح آپس میں بانٹ کر کھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ کراچی کے عوام کے سوا کسی کا راج قبول نہیں کیا جائے گا،بلدیاتی انتخابات بے مقصدیت کی بنیاد پر نہ کرائے جائیں،کورٹ کے حکم کے تحت زبردستی بلدیاتی انتخابات کے بعد اگر عوام کو فائدہ حاصل نہیں ہوگا تو اربوں روپے اس کام میں برباد نہ کئے جائیں،بار بار بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی اور غیر متوازن حلقہ بندی قومی اور صوبائی حکومتوں کی بد نیتی کا ثبوت ہے، بلدیہ کا اصل مقصد گراس روٹ لیول پر عوام کے لئے کام کرنا ہے، انتخابات کے عمل کو اتنا پیچیدہ اور مہنگا بنا دیا گیا ہے کہ عام آدمی کے لئے الیکشن میں حصہ لینا ناممکن ہے،بگ تھری کی بدنیتی کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہیں،اگر عوام کو ریلیف دینے میں حکومت مخلص ہے تو آبادی کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کی جائیں، اس کے بغیر وسائل کی منصفانہ تقسیم ناممکن ہے ،کراچی سمیت ایک کروڑ سے زائد آبادی رکھنے والے شہروں کو چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دیا جائے۔

(جاری ہے)

ساری دنیا میں جو کام بلدیہ کرتی ہے وہ ہمارے ایم پی ایز اور ایم این ایز کرنا چاہتے ہیں۔ اس سوچ کی وجہ سے پاکستان میں قانون سازی کا عمل سست روی کا شکار ہے۔ پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ بلدیاتی اداروں کو ان کے اختیارات واپس کئے بغیر بلدیاتی انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

پانی، سیوریج، بجلی،پولیس ، سڑکوں کی تعمیرات، صحت، تعلیم و دیگر بلدیاتی امور کے اختیارات میئر کو واپس کئے جائیں۔ کراچی کی اصل مردم شماری کے مطابق کراچی کی حلقہ بندیاں کی جائیں۔ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو جان بوجھ کر سوچی سمجھی سازش کے تحت اصل آبادی سے نصف دکھایا گیا ہے۔ کیونکہ جب آبادی ہی اصل سے آدھی دکھائی جائے گی تو ترقیاتی فنڈز میں اسے مناسب حصہ بھی نہیں دیا جائیگا جس کے نتیجہ میں کراچی کے لئے بنائے جانے والے منصوبوں اور مختص کی جانے والی اربوں روپے کی رقوم میں ہیرا پھیری کرنا انتہائی آسان ہوگا۔

کراچی کو اپنے حقوق چاہئیں اور اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کی تین کروڑ آبادی کوتسلیم کر کے اسے تمام حقوق دیئے جائیں۔ پاسبان کراچی سمیت ملک بھر کے ہر مظلوم انسان اور ہر پسے ہوئے طبقہ کے حقوق کے حصول کی جنگ لڑ نے کے لئے میدان عمل میں آگئی ہے۔سیاسی جماعتیں چند وزارتوں، چند مفادات کے لئے حکومت سے جڑ بھی جاتی ہیں اور الگ بھی ہو جاتی ہیں۔ پاسبان اقتدار میں آکر خدمت کی سیاست کی بنیاد رکھے گی