Live Updates

ملک گیر مہنگائی کے خلاف احتجاج ،پی ٹی آئی حلقہ این اے 61 کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی

رجیم چینج کے گھنائونے کھیل نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں جس کا خمیازہ آج پورا ملک اور عوام بھگت رہے ہیں، عامر محمود کیانی

جمعہ 20 جنوری 2023 21:55

اسلام آباد /راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ملک گیر مہنگائی کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں جمعہ کوپی ٹی آئی حلقہ این اے 61 کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی نکالی جس کی قیادت تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و صدر شمالی پنجاب عامر محمود کیانی نے کی ، ریلی میں پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین سمیت کارکنان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر امپورٹڈ حکومت نا منظور ،نامنظور کے زبردست نعرے لگائے گئے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر شمالی پنجاب عامر محمود کیانی نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے دور اقتدار کے دوران وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا تھا تاہم رجیم چینج کے گھنائونے کھیل نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں جس کا خمیازہ آج پورا ملک اور عوام بھگت رہے ہیں ، امپورٹڈ حکومت نے معیشت کو تبادہ و برباد کر دیا ہے اور آج قومی خزانہ خالی ہے ، کاروبار بند ہیں ، صنعتیں بند ہیں اور سردیوں میں بھی اس حکومت کی ناقص پالسیوں کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام کو مل رہا ہے ، پی ٹی آئی نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے تھے اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں استحکام تھا لیکن آج مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ عوام کے پاس دو وقت کی روٹی کھانے کیلئے نوالہ تک نہیں ہے اور پی ڈی ایم کا چور ٹولہ خواب خرگوش میں مگن ہے انہوںنے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عوام کی امید ہے اور انشاء اللہ عوام انہیں عام انتخابات میں کامیاب کرائیں گی اور ملک کو دوبارہ سے خوشیاں نصیب ہونگی ،انہوں نیکہا کہ عوام کی امیدوں کا محور صرف اور صرف عمران خان ہیں اور عمران خان ہی اس ملک کی ڈوبتی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، آج مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور اشیا ء خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔

(جاری ہے)

امپورٹڈ ٹولہ عوام کے دکھو ں کا مدوا کرنے کے بجائے ان کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے ، عمران خان نے اس امپورٹڈ ٹولے کی کارستانیوں کو اشکار کر دیا ہے اور اب ان کے دن گنے جا چکے ہیں اور جلد عام انتخابات کی راہ ہموار ہو جائیگی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو وطن عزیز کی خاطر اقتدار کو قربان کر دیا ہے اور پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کو تحلیل کر دیا ہے جبکہ قومی اسمبلی سے بھی استعفے دئیے گئے اور سارے استفعییں منظور کرنے کے بجائے مرحلہ وار منظور کیے جا رہے ہیں اگر عمران خان کا اقتدار کا لالچ ہوتا تو وہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کو تحلیل نہ کرتا انہوںنے صرف وطن عزیز اور عوام کی خاطر اپنی حکومتوں کو تحلیل کر دیا ہے اور اب عام انتخابات کی راہ ہموار ہو گئی ہے انشاء اللہ عام انتخابات میں عوام تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت سے کامیاب کرائیں گے اور ملک میں پھر سے ترقی ، خوشحالی کا دور دورہ شروع ہو گا اور وطن عزیز کا نام اقوام عالم میں بلند ہوگا۔

ریلی سے تحریک انصاف کے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا اور موجودہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکامی پر پی ڈی ایم ٹولے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات