کراچی کے مئیر کا انتخاب تاخیر کا شکار ہو گیا

شہر قائد کی تمام یونین کونسلز کے الیکشن نتائج آنے تک میئر کا انتخاب نہیں ہو سکے گا

muhammad ali محمد علی بدھ 25 جنوری 2023 00:57

کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری 2022ء) کراچی کے مئیر کا انتخاب تاخیر کا شکار ہو گیا، شہر قائد کی تمام یونین کونسلز کے الیکشن نتائج آنے تک میئر کا انتخاب نہیں ہو سکے گا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جب تک ہاؤس مکمل نہیں ہوتا، میئر کا انتخاب ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پہلے کراچی میں 11 حلقوں میں ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات کرانے ہوں گے، انتخابات ہوجانے کے بعد نمبر مکمل ہوگا۔

دوسری جانب ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی کی 239 یوسیز کے نتائج پر نئی پارٹی پوزیشن جاری کردی ہے، 229 نشستوں میں سے پیپلزپارٹی 91 یوسیز لے کر سرفہرست ہے، جماعت اسلامی 85 یوسیز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اسی طرح پی ٹی آئی کی  یوسیز 40 سے بڑھ کر 42 ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن 7 یوسیز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ جے یوآئی 3، تحریک لبیک 2 اور آزاد امیدوار ایک یوسی جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق دھاندلی کے الزامات پر 6 یونین کمیٹیز کے نتائج روک دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب بھر میں ٹرانسفرپوسٹنگ پرپابندی عائد کر دی گئی ہے۔الیکشن کمشنرپنجاب نے ٹرانسفر پوسٹنگ کے علاوہ نئے ترقیاتی منصوبوں پربھی پابندی عائد کی اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر حکام کو مراسلہ بھی جاری کیا جس میں سابق وزیراعلیٰ اور سابق وزرا سے پروٹوکول سمیت سرکاری گاڑیاں بھی واپس لینے کے ساتھ سرکاری رہائش گاہ، سرکاری ہاسٹلز وگیسٹ ہاؤسز کو بھی خالی کرانیکی ہدایات کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے نگران سیٹ اپ کو روٹین کا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسی طرح الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 گجرات۔IV سے چوہدری عابد رضا، این اے 111 ٹوبہ ٹیک سنگھ۔I سے چوہدری خالد جاوید، این اے 169 بہاولنگر۔IV سے نور الحسن تنویر، این اے 175 رحیم یار خان۔I سے سید مبین احمد، این اے 181 مظفرگڑھ۔

I سے محمد شبیر علی، این اے 264 کوئٹہ۔I سے عصمت اﷲ اور غیر مسلموں کیلئے مخصوص نشست سے لعل چند کی رکنیت اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانے پر بحال کر دی گئی ہے۔ پنجاب سے سینیٹر کامران مائیکل، سندھ سے سینیٹر سیف اﷲ ابڑو، کے پی کے سے سینیٹر محسن عزیز اور سینیٹر ثانیہ نشتر جبکہ صوبائی اسمبلی سندھ کے حلقہ پی ایس 8 شکارپور۔II سے محمد شہریار خان مہر اور پی ایس۔32 خیرپور۔VII سے سید محمد راشد شاہ کی بھی اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانے پر رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔