تفصیلی خبر

متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے صدرہز ہائی نس شیخ محمد زید ایک ہفتے کے نجی دورے رحیم یار خان پہنچ گئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہوئے تھے اور چاندنہ ایئر پورٹ کو رینجرز،خصوصی دستوں اور یو اے ای کے شاہی گارڈز نے اپنے گھیرے میں لئے ہوا تھا

بدھ 25 جنوری 2023 18:35

? ؁رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2023ء) متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے صدرہز ہائی نس شیخ محمد زید ایک ہفتے کے نجی دورے پر گزشتہ روز رحیم یار خان پہنچ گئے،چاندنہ ایئر پورٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف،پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حماد عبیدابراہیم سلیم، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،وزیر اعظم کے اسپیشل اسسٹنٹس طارق فاطمی،عطااللہ تارڑ،چیف سیکرٹری پنجاب زاہداختر زمان، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور یواے ای کے اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہوئے تھے اور چاندنہ ایئر پورٹ کو رینجرز،خصوصی دستوں اور یو اے ای کے شاہی گارڈز نے اپنے گھیرے میں لئے ہوا تھا،ایئر پورٹ آمد کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا اپنی تیم سے تعارف کرایا جبکہ بعد میں ایئر پورٹ کے وی وی آئی پی لاؤنج میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ہز ہائی نس شیخ محمد بن زید نے اپنے وفود کے ہمراہ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا بعد ہز ہائی نس شیخ محمد بن زید ایک خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے چولستان روانہ ہو گئے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی معزز مہمان کوخوش آمدید کہنے کے بعد اپنے اپنے خصوصی جہازوں میں اسلام آباد اور لاہور روزانہ ہو گئے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہداختر زمان، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور جو کہ قبل ازیں ایک علیحدہ خصوصی جہاز پر لاہور سے شیخ زیدایئر پورٹ پہنچنے تھے وہ بھی وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ہمراہ ہی چاندنہ ایئر پورٹ سے لاہور روانہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق یو اے ای کے صدر محمد بن زید تقریباً ایک ہفتہ سے زائد چولستان میں ہی قیام کریں گے جہاں وہ تلور کا شکار بھی کھیلیں گے۔اطلاعات کے مطابق چولستان میں شاہی مہمانوں کی آمد کے پیش نظر خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں اور رینجرز کے دستوں نے کافی ہفتے قبل سے ہی چولستان کے مخصوص حصوں کو اپنی حصار میں لے رکھا ہے۔