قرآن کریم ڈیڑھ ارب مسلم ملت کی عقیدتوں کا محور ہے ،مولانا محمد زمان سیفی

جمعہ 27 جنوری 2023 17:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2023ء) اہلسنت رابطہ کونسل آزاد کشمیر کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد زمان سیفی نے کہا ہے کہ قرآن کریم ڈیڑھ ارب مسلم ملت کی عقیدتوں کا محور ہے ، ملت اسلامیہ کیلئے بیحرمتی کی جسارت بہر صورت ناقابل برداشت ہے ، مرکزی جامع مسجد گل زارِ مدینہ برارکوٹ آزاد کشمیر میں جمعة المبارک کے اجتماع و بعد ازاں حرمت قرآن کریم ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یورپ پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور تہذیبوں کے تصادم سے گریز کرے کیونکہ یہ ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے ، مسلم قوم ناموس قرآن وصاحب قرآن کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے ، اس کیلئے آئے روز بے حرمتیوں کا یہ غلیظ ترین سلسلہ کسی طور قابلِ قبول نہیں ، انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی شیطانی قوتوں کا گماشتہ بننے کے بجائے اقوام عالم کی درست ترجمانی کرے اور مقدسات کے تحفظ کے لیے باقاعدہ قانون سازی کر کے مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے بصورت دیگر امن عالم کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی ، مسلمان قوم کسی آوارہ فکر کو اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر اس شیطانی فعل کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتی ، انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرکے عالم اسلام کے اضطراب کو دور کرے، جہاد اسلامی سے روگردانی کی بنا پر ذلت کا شکار مسلم قوم کی قیادت کے دعوے داروں کی مجرمانہ خاموشی پر ملت اسلامیہ زیادہ دیر خاموش نہیں بیٹھ سکتی ، کہیں ایسا نہ ہو کہ مسلمان قوم اپنے لیڈروں سے بغاوت کر کے خود اٹھ کھڑی ہو اور پھر سب کچھ اس عوامی طوفان کے آگے خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے ، انہوں نے ترکیہ کے عوام و صدر طیب اردگان کو غیرت اسلامی کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور ملت اسلامیہ سے اپیل کی کہ ترک عوام جیسی غیرت دینی کا مظاہرہ کریں نیز تعلیمات قرآنی کو حرزِ جاں بنا کر عالم کفر کو یہ پیغام دیں کہ تمھاری کمینی حرکتیں قرآن کریم سے ہمارے تعلق کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنیں گی۔